کراچی: 3 لاکھ کے بغیر علاج سے انکار  نجی ہسپتال میں زخمی لڑکی جاں بحق

Jan 27, 2021

کراچی (نیٹ نیوز) سچل گوٹھ میں نجی ہسپتال میں زخمی حالت میں لائی جانے والی نوجوان لڑکی کو طبی امداد دینے کے بجائے ہسپتال انتطامیہ نے پہلے پیسوں کا مطالبہ کیا جس پر لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والی لڑکی نازیہ کے والد نے بتایا کہ جمعہ کی رات نازیہ گھر کے قریب موٹرسائیکل میں دوپٹہ آنے کی وجہ سے گرگئی اور زخمی ہوگئی۔ اس کا بھائی فوراً اسے سچل گوٹھ میں ہی قائم میمن ہسپتال لے گیا۔ نازیہ کے والد کے مطابق  عملے نے زخمی نازیہ کو ہاتھ تک نہیں لگایا اور پہلے 5لاکھ روپے جمع کروانے کو کہا۔ نازیہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ اس نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ ایمرجنسی میں آیا ہے اس کے پاس اس وقت پیسے نہیں ہیں لیکن ہسپتال انتظامیہ نے 3 لاکھ روپے جمع کرائے بغیر علاج سے انکار کردیا۔ لڑکی کے بھائی کے مطابق ایک گھنٹے تک طبی امداد نہ ملنے پر جب وہ زخمی نازیہ کو وہاں سے لے جانے لگا تو ہسپتال نے 15 ہزار روپے کا بل پکڑاتے ہوئے کہا کہ یہ ادا کرنے کے بعد ہی یہاں سے جاسکے گا۔ بعدازاں  نازیہ کو سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے کہا کہ اگر اسے وقت پر طبی امداد دی جاتی تو اس کی جان بچ سکتی تھی۔

مزیدخبریں