کراچی(اسپورٹس رپورٹر )کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان منگل سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کے سبب سیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف راستے بند کر دیئے گئے ہیں، جس کی وجہ سے دشواری ہونے پر شہری پولیس سے الجھنے لگے۔ڈالمیا فلائی اوور سے ملینیئم جانے والے شہری اور پولیس اہلکار کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی، جس پر پولیس اہلکار نے شہری پر تشدد کیا۔پولیس اہلکار شہری کو گھسیٹتے ہوئے پولیس موبائل تک لے گیا، اہلکار شہری کو دھکیلتا رہا، جبکہ دیگر اہلکاروں نے بیچ بچاو کروا کر شہری کو وہاں سے روانہ کر دیا۔کئی اور جگہوں پر بھی راستے بند ہونے کے باعث شہری پولیس اور ٹریفک پولیس اہلکاروں سے الجھتے نظر آئے ہیں۔مختلف سڑکیں بند ہونے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں کی سڑکوں پر رش بڑھنے کے باعث ٹریفک جام بھی دیکھنے میں آیا۔شہریوں نے اس حوالے سے مطالبہ کیا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم اگر شہر سے باہر منتقل نہیں کیا جا سکتا تو اسی طرز کا ایک اور اسٹیڈیم شہر سے باہر تعمیر کر کے بین الاقوامی نوعیت کے میچز وہاں کرائے جائیں تاکہ شہر کے راستے بند کرنے کا سلسلہ ختم ہو سکے۔واضح رہے کہ کراچی میں آج سے شروع ہونے والے پاکستان ساوتھ افریقہ ٹیسٹ میچ کے سلسلے میں کراچی کی ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق اس موقع پر ٹریفک کو لیاقت آباد سے نیشنل اسٹیڈیم جانے کی اجازت نہیں ہو گی، ٹریفک یونیورسٹی روڈ پر سیدھا چلے گا، اسے یہاں سے بھی اسٹیڈیم جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور بھی ٹریفک کے لیے بند ہو گا، کارساز سے اسٹیڈیم سگنل صرف چھوٹی گاڑیاں جا سکیں گی، ملینیئم مال سے اسٹیڈیم سگنل چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلا رہے گا۔ٹریفک پولیس کے مطابق نیو ٹاون سے اسٹیڈیم سگنل چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلا ہو گا، سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد 10 نمبر سے حسن اسکوائر کی جانب ہیوی ٹریفک بند ہو گا۔کار ساز سے اسٹیڈیم اور پی پی چورنگی سے یونیورسٹی روڈ تک ہیوی ٹریفک کے لیے بند ہو گا، ملینیئم تا نیو ٹاون ہر قسم کے ہیوی ٹریفک کے لیے بند ہو گا۔