ملتان ( سماجی رپورٹر )اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان کا ایک اہم اجلاس گزشتہ روز معہ اشرفیہ لاہور میں زیر صدرات مفتی منیب الرحمن سیکرٹری جنرل اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان و صدر تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے مولانا انوار الحق، مولانا قاری محمد حنیف جالندھری، مولانا فضل الرحیم، تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان سے صاحبزادہ عبدالمصطفیٰ ہزاروی ، مولانا ر یحان امجد نعمانی، رابط المدارس الاسلامیہ پاکستان سے مولانا عبدالمالک، ڈاکٹر عطاء الرحمن، مولانا سید قطب، وفاق المدارس السلفیہ پاکستان سے مولانا یاسین ظفر، پروفیسر عبدالستار حامد، حافظ محمد یونس عاجز اور وفاق المدارس الشیعہ پاکستان سے علامہ محمد افضل حیدری نے شرکت کی۔مفتی منیب الرحمن اور مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیااوراس درمیانی عرصے میں جو پیش رفت ہوئی اور جو واقعات رونما ہوئے،ان کے بارے میں شرکائے اجلاس کوتفصیلات پیش کیں۔ ، تفصیلی بحث کے بعد اتفاقِ رائے سے مندرجہ ذیل اعلامیے کی منظوری دی گئی:ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ متنازع اور غیر شرعی وقف ایکٹ کو واپس لیا جائے، ورنہ برسبیلِ تنزّل اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان کی طرف سے پیش کردہ ترامیم کو پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے، قومی اسمبلی کے اسپیکر جناب اسد قیصر اس کا وعدہ کرچکے ہیں۔ محکمہء اوقاف کی طرف سے بعض مساجد اور مدارس کو فارم بھیجے گئے ہیں، انہیں واپس لیا جائے، مدارس ومساجد کے منتظمین کو چاہیے کہ جب تک اتفاقِ رائے نہ ہوجائے، ایسے کسی پروفارمے کو پْر نہ کریں۔ اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان اور اْس سے ملحق تنظیمات حکومت سے محاذ آرائی نہیں چاہتیں، ہم تفہیم وتفہّم سے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، تعاون پر بھی آمادہ ہیں، لیکن حکومت کو بھی حقائق کا ادراک ہونا چاہیے۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ حسبِ سابق جاری رکھا جائے گا
اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان کااجلاس‘ اعلامیے کی منظوری دی گئی
Jan 27, 2021