کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں کراچی میں درست مردم شماری، کوٹہ سسٹم کے خاتمے،نوجوانوں کو روزگار دینے، با اختیار شہری حکومت و فوری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور شہر قائد کے گھمبیر مسائل کے حل کے لیے اور تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کے تحت جاری حقوق کراچی تحریک کا جائزہ لیا گیا اور اسی سلسلے میں ہفتہ 30جنوری کو شہر کے 50مقامات پر دیئے جانے والے دھرنوں کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی اور مختلف تجاویز اور آرا کی روشنی میں اضلاع کو ضروری ہدایات دی گئیں اور زور دیا گیا کہ دھرنوں کے حوالے سے اضلاع کی سطح پر موثر منصوبہ بندی اور بڑے پیمانے پر تیاریاں اور انتظامات کیے جائیں۔ اجلاس میں حالیہ دنوں میں حقوق کراچی تحریک کے سلسلے میں شہر بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔