تحریک انصاف نے جے یو آئی (ف) کیخلاف بھی فارن فنڈنگ کیس دائر کردیا

Jan 27, 2021

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف نے الیکشن کمشن میں جمعیت علماء اسلام کے خلاف فارن فنڈنگ کیس دائر کر دیا۔ پی ٹی  آئی کے فرخ حبیب نے جے یو آئی کے خلاف الیکشن کمشن میں درخواست دائر کی ہے جس میں جے یو آئی کے سابق رہنما حافظ حسین احمد کے ٹی وی انٹرویو کا ٹرانسکرپٹ شامل ہے۔ فرخ حبیب  کا کہنا ہے کہ حافظ حسین احمد نے فضل الرحمن کے لیبیا اور عراق سے فنڈنگ لینے کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو بتانا ہوگا ان کو فنڈنگ کہاں سے ہوئی ہے۔ مولانا رسیدیں الیکشن کمشن جمع کرائیں۔ ہم نے تمام ثبوت جمع کرا دیئے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ حافظ حسین احمد  کی جانب سے فارن فنڈنگ کے مختلف ٹاک شوز میں اعتراف کی بنیاد پر درخواست دائر کر دی ہے۔ الیکشن کمشن مولانا فضل الرحمن اور حافظ حسین احمد کو بھی 24 فروری کو طلب کرے۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کی بنیاد رکھنے والی تمام جماعتیں اکٹھی ہو چکی ہیں۔ یہ کس منہ سے فارن فنڈنگ کا سوال کر رہے ہیں۔ الیکشن کمشن میں جمعیت علمائے اسلام کے خلاف فارن فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے درخواست جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حافظ حسین احمد نے کئی بار میڈیا پر ٹاک شوز میں اعتراف کیا کہ مولانا فضل الرحمن نے عراق اور لیبیا سے فارن فنڈنگ لی۔ اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر فارن فنڈنگ کا الزام لگایا گیا اور الیکشن کمشن کے باہر آکر احتجاج کرتے  رہے لیکن ان کا اپنا فارن فنڈنگ کا بھانڈا ان کے سینئر رہنما نے پھوڑ دیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن کی ڈی آئی جی خان اور چک شہزاد کی جائیدادیں بھی اس سرمائے سے خریدی گئی ہوں گی۔

مزیدخبریں