کرونا ، مزید 58ہلاکتیں ، وائرس دنیا میں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گا: امریکی کمپنی

 اسلام آباد‘ لاہور (خصوصی نمائندہ‘ نوائے وقت رپورٹ‘ اپنے نامہ نگار سے) ملک بھر میں کرونا کی وبا سے  مزید 58 مصدقہ مریض جاں بحق ہونے کے بعد اس وائرس سے لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 11 ہزار 376 ہوگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 42 ہزار 587 ٹیسٹ کئے گئے، اس طرح اب تک مجموعی طور پر کوویڈ 19 کے 77 لاکھ 22 ہزار 829 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر سے کرونا کے مزید ایک ہزار 873 کیسز سامنے آئے ہیں،  مصدقہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 38 ہزار 914 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ایک ہزار 223 افراد نے اس وبا کو شکست دی ہے ، جس کے بعد کرونا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ90 ہزار 126ہوگئی ہے۔  میڈیا رپورٹس کے مطابق کرونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سر فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 4 لاکھ 31 ہزار 392 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں 1 ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس سے 1 لاکھ 53 ہزار 624 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس موذی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 6 لاکھ 77 ہزار 710 ہو گئی۔  کووڈ 19 کے خلاف ویکسین تیار کرنے والی امریکی کمپنی موڈرنا کے سی ای او سٹیفن بینسل نے کہا کہ اس وباء کے خلاف جنگ کیلئے ابھی تک بہت کچھ کرنا ہوگا۔ اس کمپنی نے 25 جنوری کو ایک تحقیق کے  ابتدائی نتائج جاری کئے تھے جس کے مطابق اس کی تیار کردہ ویکسین  کرونا وائرس کی نئی اقسام کے خلاف موثر ثابت ہوگی ہمیں فلو کی طرح اس وائرس کے حوالے سے بوسٹر شاٹس کی ضرورت ہو گی فلو اور کرونا دونوں ایک جیسے ہیں یعنی ایم آر این اے وائرسز اور یہ ہمیشہ کیلئے ہماری زندگی کا حصہ بن چکے ہیں ۔ تاجکستان کے صدر نے اپنے ملک کو کرونا وائرس سے پاک قرار دے دیا ہے۔ تاجک صدر امام علی رحمان نے پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجکستان میں جنوری کے آغاز سے اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔ کولمبیا کے وزیر دفاع کارلوس ہولمز کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ان کی عمر 69 برس تھی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق کولمبین صدر ایون ڈوکیو نے ٹویٹر پر ویڈیو پیغام میں وزیر دفاع کارلوس ہولمز کے انتقال پر تصدیق کی۔اداکار علی عباس بھی عالمی وبا کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ اداکار علی عباس نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ کے ذریعے اپنے  چاہنے والوں کو بتایا کہ ان میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میرا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور مجھے آپ سب کے پیار اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے بھی کرونا وائرس سے بچائو کی ویکسین لگوالی ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اس سلسلے میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پہنچے جہاں یونیورسٹی حکام نے چیف جسٹس کا خیر مقدم کیا اورانہیں کرونا وائرس سے بچائو کی ویکسین لگائی۔ جس کے بعد چیف جسٹس واپس روانہ ہوگئے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...