لاہور(سپورٹس رپورٹر)ملک کے نمایاں کرکٹ آرگنائزرز نے قومی انڈر 13اور انڈر16کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے ملک بھر میں ہونیوالی سلیکشن کے عمل کو مسترد کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیزحسن راجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں گراس روٹ اور ایج گروپ کر کٹ کو بچانے کیلئے قومی انڈر 13اور انڈر 16کرکٹ ٹورنامنٹس کو روک دیا جائے اور سلیکشن کا پورا عمل ازسرنو کیا جائے۔ آرگنائزرز نعمان بٹ،طارق سرور،سلیمان تالپور، رانا انیس احمد خان،اعجاز فارو ق اور ایم آر سی اے نے کہا ہے کہ حالیہ انڈر13اور انڈر16ٹیموں کی سلیکشن میں اقرباپروری کی انتہا کردی گئی ہے۔پی سی بی گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور سابق صدر سیالکوٹ ریجن نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ گذشتہ کہ حالیہ سلیکشن میں میرٹ کہیں دکھائی نہیں دے رہا ایک تو زائد العمر کھلاڑیوں کو ٹیموں میں شامل کیا گیا جس پر ٹورنامنٹ روکا گیا لیکن ری ٹیسٹ کے بعد چند کھلاڑیوں کو ٹیموں سے ڈراپ کرکے ان کی جگہ پھر ویسے ہی کھلاڑی ٹیموں میں شامل کردئیے گئے ہیں ۔ چیئرمین پی سی بی فور ی طور پر معاملے کا جائزہ لیں اور ذمہ داران کیخلاف کاروائی کی جائے۔سابق صدر بہاولپور ریجن طارق سرور کا کہنا تھا کہ حالیہ ایج گروپ کرکٹ میں اقرباپروری کی انتہاکرکے پاکستان کرکٹ کیساتھ ظلم کیا گیا ہے۔موجودہ اور سابق کرکٹرز کے بیٹے،بھانجے اور بھتیجے ٹیموں میں شامل کئے گئے ہیں ۔حیدر آبا د ریجن کے سابق صدر سلیمان تالپور کا کہنا تھا کہ حالیہ سلیکشن میں کراچی سے خیبر تک کہیں بھی میرٹ دکھائی نہیں دے رہا ۔ اندرون سندھ کے کھلاڑیوں کو بری طرح نظر انداز کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن فیصل آباد کے سابق سیکرٹری رانا انیس احمد خان کا کہنا تھا کہ معاملات پاکستان کرکٹ کی بربادی کا سبب بنیں گے،سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن فیصل آباد اعجاز فاروق کا کہنا تھا کہ کوچز اور سلیکشن مافیا نے غریب کرکٹرز کو یہ پیغام دیا کہ ان کا کرکٹ میں کوئی مستقبل نہیں۔ چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ،ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان اورجی ایم ڈومیسٹک کرکٹ جنید ضیا سے اپیل ہے کہ ٹورنامنٹ فوری روک دئیے جائیں ‘ سلیکشن کو شفاف بناکر باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لایا جائے، اگر انصاف نہ ملا تو پھرملک بھر میں احتجاج کیا جائیگا۔
کرکٹ آرگنائزرز نے قومی انڈر 13‘ انڈر16کے ٹرائلز مسترد کر دیئے
Jan 27, 2022