لاہور( کامرس رپورٹر ) کسان بورڈ پاکستان پنجاب کے صدر میاں رشید احمد منہالہ نے کہا ہے کہ کھاد کی مصنوعی قلت پید ا کرکے ملک دشمنی کا ثبوت دیا جارہا ہے۔اس سازش کے خلاف کسان بورڈ پاکستان کسان بچائو تحریک چلا رہی ہے۔ اس حوالے سے آج فیصل آبادمیں بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ ہو گا۔ہمارے قافلے اس احتجاجی مظاہرے میں شرکت کیلئے فیصل آباد روانہ ہو رہیں۔ کسان بورڈ کے مطابق اگلے مظاہرے لاہورمیں پریس کلب، محکمہ زراعت کے دفتر، پنجاب اسمبلی، گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے کریں گے۔۔ میاں رشید منہالہ کا کہنا تھا کہ حکومت کھاد مافیا کے خلاف کاروائیاں سخت کی جائیں۔ ذخیرہ کردہ کھاد بحق سرکار ضبط کرکے کسان کو کنٹرول ریٹ پر فروخت کی جائے۔ نہری پانی کی چوری روکی جائے اور ٹیوب ویلوں کے لئے سستی بجلی فراہم کی جائے۔ کسانوں کو ڈیمانڈ کے مطابق کھاد نا ملی تو اس دفعہ گندم کی پیداوار میں تاریخی کمی ہوگی۔جس کی وجہ سے نا صرف کسان کو اس کی پیداواری لاگت بھی وصول نہیں ہو گی بلکہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لئے دوسرے ممالک سے کئی گنا مہنگی گندم امپورٹ کرنا پڑے گی۔