لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہاہے کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے ایک بار پھر نہ صرف میری قومی ٹیم میں واپسی ہوئی بلکہ میں ایک بار پھر کپتانی کر رہی ہوں اس لیے میں بہت پرجوش ہوں اور خوش اس لیے ہوں کہ ماں بننے کے بعد میری واپسی ہوئی ہے۔ ماں بننے کے بعد کھیل کو مناسب نہیں سمجھا جاتا، لیکن میں نے کھیل میں واپسی کی ہے اور اب میں لڑکیوں کیلئے انسپائریشن بنوں گی۔ نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیا میں لڑکیوں کا ماں بننے کے بعد کم بیک مشکل ہوجاتا ہے ، اس میں کئی ایک عوامل ہیں ، ایک فٹنس کو برقرار نہ رکھنا ہے اور دوسرا فیملی کی طرف سے سپورٹ نہ ہونا اور پھر جس فیلڈ میں آپ ہوں وہاں کوئی پیرنٹل پالیسی نہ ہونا ہے ، لیکن مجھے تینوں چیزیں ملی ہیں اس لیے اب میں رول ماڈل بن کر لڑکیوں کو پیغام دوں گی کہ ماں بننے کے بعد بھی کھیلنا ممکن ہے۔ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پالیسی نہ بنائی ہوتی تو ماں بننے کے بعد میری واپسی مشکل تھی، میرے لیے فیصلہ کرنا بھی بہت مشکل تھا کہ میں کم بیک کر پاوں گی یا نہیں ، لیکن ماوں کے حوالے سے پی سی بی کی پالیسی سے مجھے فیصلہ کرنے میں آسانی ہوئی ، مجھے سپورٹ کیا گیا اور اب پالیسی کے مطابق میں بیٹی کی وجہ سے اپنی والدہ کو ساتھ لے کر جاوں گی، تاکہ وہ اسے سنبھال سکیں اور میں کھیل پر فوکس کر سکوں گی۔ مانتی ہوں شادی اور پھر ماں بننے کے بعد صورتحال مشکل ہوجاتی ہے ،لیکن میں لڑکیوں سے یہی کہوں گی اگر آپ کھیل جاری رکھنا چاہیں تو رکھ سکتی ہیں ، فیملی اور شوہرکا سپورٹ کرنا بہت ضروری ہے ، اگر آپ کو سپورٹ نہ ملے تو واپسی ناممکن ہوتی ہے۔
ماں بننے کے بعد کھیل میں واپسی آسان نہیں ہوتی: بسمہ معروف
Jan 27, 2022