لاہور (خصوصی نامہ نگار)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میںآبیاری کر کے کرپشن کے تناور درخت کھڑے کئے گئے،(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے جو نظام پروان چڑھایا اس کی جڑیں اکھاڑنا آسان ہدف نہیں، جب نام نہاد خادم اعلیٰ کی وزارت اعلی میںان کے ملازم کے اکائونٹس سے اربوں روپے نکلیں گے تو ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی اسی شرح سے رپورٹ آئے گی ،موجودہ دور میں انڈیکس میں آنے والااتار چڑھائو مالی کرپشن کی وجہ سے نہیں بلکہ رول آف لاء سے متعلقہ ہے اور اسی کا وزیر اعظم عمران خان بار بار ذکر کرتے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ بتاتی ہے کسی ملک کے عوام کیا سوچ رہے ہیں ،نظام اتنا بوسیدہ کر دیا گیا جو کرپشن کنگز اورڈاکوئوں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوتا رہا، موجودہ حکومت کرپشن کے بیج کو نا پید کرنے کے ساتھ احتساب کے نظام کو مضبوط کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربوں لوٹنے والے شخص کا50 روپے کے سٹامپ پر بیرون ملک جانا نظام کی کمزوری نہیں، کرپشن کنگز واضح ثبوتوں کے باوجود کال کوٹھڑیوں کی بجائے پارلیمنٹ میں بھاشن دیتے ہوئے ملیں تو عوام نے کیا سوچنا ہے،کرپشن کرنے والے بیماری کے نام پر ہسپتال میں ڈیرے رکھیں تو کیا یہ نظام کاسقم نہیں؟ ۔ انہوں نے کہا کہ انشاا للہ تحریک انصاف کی حکومت احتساب کے نظام کی کمزوریوں اور سقم کو دورے کرے گی ،کرپشن کرنے کے باوجود خود کو پارسا ظاہر کرنے والے زیادہ دیر عوام کو دھوکہ نہیں دے سکیں گے۔
ماضی کی حکومتوں نے کرپشن کے تناور درخت کھڑے کئے: مسرت جمشید چیمہ
Jan 27, 2022