لاہور (خصوصی نامہ نگار)خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق ؓ کے یوم وصال کے موقع پر مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے زیراہتمام تقریبات ، اجتماعات ،کانفرنسز، جلسوں کا انعقاد کیا گیا۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں نے سیدنا ابوبکر صدیق ؓکے یوم وصال کے موقع پر مختلف تقریبات ا ور اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے سب سے پہلے محافظ حضرت ابوبکر ؓتھے ۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عزیز الرحمن ثانی، نائب امیر محمد رضوان نفیس، قاری جمیل الرحمن اختر، مولانا عبدالنعیم، سیکرٹری جنرل مولانا علیم الدین شاکر، مولانا خالدمحمود، مولانا محمداشرف گجر، مولانا مسعود احمد اور قاری ظہورالحق نے کہا کہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت سنت صدیقی پر عمل کرتے ہوئے عالمی سطح پر منکرین ختم نبوت کیخلاف برسرپیکار ہے۔ آرگنائزر کمیٹی لبیک یارسول اللہ اجتماع کے زیر اہتمام یوم سیدنا ابوبکر ؓکی خدمات و عظمت و شان کے حوالے سے ملک بھر میں جلسے ،کانفرنسیں ،سیمینارز ،جلوس و مختلف پروگرام عشرہ تاجدار صداقت کے تحت منعقد ہوئے۔ جس کا مرکزی پروگرام بعنوان تاجدار صداقت کانفرنس مرکز اہلسنت درگاہ و جامع مسجد قطب شاہ ولی اچھرہ میں زیر صدارت پیر اعجازاشرفی منعقد ہوا۔ پیر اعجازاشرفی نے کہا کہ سیدنا ابوبکر ؓ پیکر و صدق وفا ہیں۔ منکرین ختم نبوت کے فتنہ کومنطقی انجام تک پہنچایا۔ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹرجنرل مذہبی امور اوقاف پنجاب نے سیدنا ابو بکر صدیق ؓکے یوم وصال پر آپ ؓکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ؓ کا عہدِخلافت اسلامی تاریخ کا روشن باب اورآپ ؓ کی سیرت وکردار امت کیلئے روشنی اوررہنمائی کامظہر ہے۔ محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام ایوانِ اوقاف میں منعقدہ حضرت ابوبکر صدیق کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے، مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مولانا مفتی محمد اسحاق ساقی، مولانا محمد رمضان سیالوی اور دیگر مقررین نے کہا کہ آپ ؓکا دور خلافت بے مثا ل اصلاحات اوررفاہی مہمات سے عبارت ہے۔ جمعیت علماء پاکستان کے زیر اہتمام جامعہ محمدیہ رضویہ گلبرگ میں سیدنا صدیق اکبر ؓکانفرنس منعقد ہوئی ۔ کانفرنس سے علامہ قاری محمد زوار بہادر،حافظ نصیر احمد نورانی،مفتی تصدق حسین،رشید احمد رضوی،مولانا محمدنعیم قادری،مولانا سرفراز قادری،قاری عبدالحق اور دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام صدیق اکبر ؓکا یوم وصال منایا گیا۔ مرکزی رہنما محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ سنی تحریک یوم صدیق اکبر ؓپر حکومت سے ملک گیر عام تعطیل کا مطالبہ کرتی ہے۔نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیق ؓ تمام اصحاب ذی وقار میں سب سے زیادہ زیر ک صحابی تھے۔ مرکزی جمعیت علماء اسلام پاکستان کے زیر اہتمام یوم صدیق اکبر ؓ کے سلسلے میں اجتماعات منعقد کئے گئے ۔جامع مسجد ڈی بلاک ماڈل ٹاؤن میں مولانا عبد الرب امجد،امیر پنجاب پیر حسن ناصر،علامہ عبد الحفیظ کھو کھر، حافظ محمد احمد بلوچ، قاری ابوبکر خان، قاری ایوب،احمد ندیم۔جامعہ فاروق اعظم بیدیاں میں مولانا دلشاد و دیگر نے خطاب کیا۔منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام ’’تاجدار صداقت ‘‘کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حضرت صدیق اکبر ؓکی سیرت و کردار امت کے لئے روشنی اور رہنمائی کا مینار ہے۔ جمعیت علمائے پاکستان (سواد اعظم) کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیق ؓنے فتنہ پروری کو ختم کرکے دین کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔ آپؓ نے نظام مصطفی کے بنیادی خدوخال کو نمایاں کیا۔
حضرت ابو بکر صدیق ؓ کے یوم وصال پر تقریبات ، علما کااخراج عقیدت
Jan 27, 2022