کراچی ( نیوز رپورٹر ) جماعت اہلسنّت غوثیہ پاکستان کے امیر مفتی محمدفیض احمدقادری نے کہاہے کہ خلیفہء بلافصل سیدناصدیق اکبر ؓ غیرت وحمیت اور شجاعت جیسے اعلیٰ اوصاف سے مالامال تھے، آپؓ نے مردوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کیااور آپؓ کی دعوت پر متعددجلیل القدر صحابہء کرام حلقہ بگوش اسلام ہوئے جن میں حضرت عثمانؓ،حضرت ابوعبیدہؓ حضرت عبدالرحمان بن عوف ؓ کے نام شامل ہیں۔حضرت ابوبکرصدیقؓ نے قبول اسلام کے بعد جان ومال سب کچھ اسلام پر نثار کردیایہی نہیں بلکہ آپؓ نے خود کو اپنے اپنے گھرانے کو خدمت اسلام اور پیغمبر اسلام کے لئے وقف کردیا۔یہ باتیںانہوں نے یوم سیدناصدیق اکبرؓ پر تاجدارصداقت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہاکہ سیدناصدیق اکبرؓ صدق ووفاکے پیکر تھے،آپؓ نے اسلام اور پیغمبر اسلام کے لئے اتنی خدمات انجام دیں کہ آپؓ کے لئے حضوراکرم ﷺ نے فرمایاکہ ان کے احسانات کا بدلہ خوداللہ تعالیٰ چکائے گا۔مفتی فیض احمدقادری نے کہاکہ حکومت بدعقیدگی کے طوفان کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے، ہرمہینے دومہینے کے بعد کوئی نہ کوئی بدعقیدہ فتنہ انگیزی کرکے فرارہوجاتاہے لیکن قوانین ہونے کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی حتمی ایکشن نہیں لیاجاتا،یہی وجہ ہے کہ شرانگیزوں اپنی فتنہ پروری سے بازنہیں آرہے۔انہوں نے کہاکہ اگر گستاخوں کو سزانہ دینے کا رواج چل نکلاتو ملک میں فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکنے سے کوئی نہیں روک پائے گا۔مفتی فیض احمدقادری نے کہاکہ جماعت غوثیہ پاکستان حکومت سندھ سے مطالبہ کرتی ہے کہ نوید عاشق نامی گستاخ کو فی الفورگرفتارکرکے قرارواقعی سزادے ورنہ عاشقان رسولﷺ احتجاجی لائحہء عمل ترتیب دے کر میدان عمل میں نکلیں گے۔انہوں نے کہاکہ صحابہ کرام ؓ کی شان میں گستاخی ہر گز برداشت نہیں کی جاسکتی،حکومت کی جانب سے چشم پوشی اور نظراندازکرنے کی روش عوام اہلسنّت میں اشتعال پیداکررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلمان خلیفہء بلافصل حضرت سیدناصدیق اکبر ؓ کی شان کا بھرپوراظہارکریں۔