جگہ، جگہ گندگی او رغلاظت کے ڈھیر ، تعفن سے سانس لینا محال

Jan 27, 2022

کراچی ( سٹی نیوز)  شہر قائد میں جا بجا گندگی اور غلاظت کے ڈھیروں نے متعلقہ اداروں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے ، جگہ ،جگہ کچرے کے انبار سے اٹھنے والے تعفن نے ماحول کو حد درجے آلودہ بنا رکھا ہے ، فضائوں میں موجود بدبو سے سانس لینا بھی محال لگتا ہے ، غربت زدہ علاقوں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات نے غریب عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور وہ سخت اذیت میں مبتلا نظر آتے ہیں ، ایک جانب تو کچرے کی انتظام کاری اور صفائی ستھرائی  سے متعلق ضروری اور  بنیادی ذمے داریوں کو نہیں نبھایا جا رہا تو دوسری  طرف کچرے کو کارآمد بنانے اور اس سے معاشی ترقی حاصل کرنے کی باتیں مضحکہ خیزی کو جنم دے رہی ہیں ، مو جودہ صورتحال میں ویسٹ ریسائکلنگ ، گرین پراڈکٹس کی تیاری  او ر  سرکیولر  اکنا می  جیسی باتیں عوام کو سہانے خواب اور بے وقوف بنانے کے مترادف ہیں ،  واضح رہے کہ ویسٹ ریسائکلنگ کے ضمن میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے ٹیئر فنڈ نامی  این جی او سے گزشتہ سال ایم او یو سائن کیا تھا جسکے تحت این جی او نے ایک پروجیکٹ کے تحت ملیر اور کیماڑٖی میں ویسٹ ریسائکلنگ سے متعلق طے شدہ کاموں کو انجام دینا ہے، حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق اس پروجیکٹ کا دورانیہ  اگست2021    سے  دسمبر 2022  تک کا ہے،  تاہم تقریباََ  6  ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ٹئیر فنڈکوئی قابلِ ذکرکام انجام نہیں دے سکی ہے ، کیماڑی اور ملیر کی عوام این جی او کی جانب سے بر وقت ، ٹھوس اور معیاری امور کی انجام دہی کے شدید منتظر ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ ٹئیر فنڈ پوری نیک نیتی سے عوام کا ساتھ نبھائے گی ۔   

مزیدخبریں