راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے مری میں بر فباری کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر جماعت اسلامی کے رہنما محمد سفیان عباسی کی رٹ پٹیشن کی سماعت کی۔ جلیل اختر عباسی ایڈووکیٹ اور مری بار ایسوسی ایشن کے صدر اسد اقبال عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر تمام متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران سمیت کمشنر راولپنڈی، نیشنل ہائی وے اور دیگر اداروںکے نمائندے جسٹس چوہدری عبد العزیز کی عدالت میں پیش ہو ئے۔ جسٹس چوہدری عبد العزیز نے واقعے کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو رپورٹ پیش نہ کر نے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام اداروں کو آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت عالیہ نے آئندہ سماعت31جنوری تک ملتوی کر دی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ سماعت کے بعد محمد سفیان عباسی اور ان کے وکیل جلیل اختر عباسی نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ مری میں ہونے والے حادثے کی بنیادی وجہ اداروں کی مجرمانہ غفلت ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب فوری طور پر مستعفی ہوں اور متعلقہ اداروں کے ذمہ دار افرد کے خلاف مجرمانہ غفلت بر تنے پر ایف آئی درج کی جائے۔
سانحہ مری : کمشنر راولپنڈی سمیت متعلقہ اداروں کے نما ئندے پیش ، رپورٹ نہ دینے پر ہائی کورٹ بر ہم
Jan 27, 2022