اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی زیر صدارت جیل اصلاحات پر عملدرآمد کمیشن کا اجلاس ۔ اجلاس میں سیکرٹری وزارت انسانی حقوق، ڈائریکٹر جنرل(ہیومن رائٹس)، جوائنٹ سیکرٹری وزارت داخلہ، آئی جی جیل خانہ جات کے پی کے اور پنجاب اور دیگر سینئر افسران اور صوبائی محکمہ داخلہ، وزارت قانون و انصاف اور وزارت این ایچ ایس آر اینڈ سی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ عملدرآمد کمیشن نے پاکستان بھر کی جیلوں میں شکایات کے ازالے کے طریقہ کار، قیدیوں کے ساتھ بھیڑ وں اور امتیازی سلوک کے مسائل کے ساتھ ساتھ جیل کے عملے کی حساسیت کی کمی کا جائزہ لیا۔ابتدا میں ڈی جی ہیومن رائٹس نے شرکا کو جیل حکام کی جانب سے قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک، بدعنوانی اور جیل مینوئل اور قواعد کی خلاف ورزی کے الزامات پر مشتمل شکایتی درخواست پر بریفنگ دی جو ڈسٹرکٹ جیل بھکر کے ایک قیدی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ صوبائی جیلوں کے محکموں کو پاکستان بھر کی جیلوں میں موجود شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کا جائزہ لینا چاہیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ قیدیوں کی تمام شکایات کا ازالہ کرنے کے قابل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جیلوں کی نگرانی کے طریقہ کار کو ایک آزاد نظام وضع کرکے بہتر بنایا جانا چاہیے جہاں سول سوسائٹی، سماجی بہبود کے اداروں اور میڈیا کے نامور ارکان کو اس کی کمیٹیوں میں شامل کیا جائے۔