کراچی(اسپورٹس رپورٹر)قومی انڈر 13 اور انڈر 16 کرکٹ ٹورنامنٹس جمعرات سے کراچی اور ملتان میں شروع ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سے جمعرات کو یہاں جاری کردی اعلامیہ کے مطابق دونوں ٹورنامنٹس میں مجموعی طور پر 270 نوجوان کرکٹرز شرکت کریں گے۔ زائد العمر کھلاڑیوں کی ٹورنامنٹ میں شرکت سے متعلق علم ہونے پر پی سی بی نے ان دونوں ٹورنامنٹس کو پیر 17 جنوری کو معطل کردیا تھا۔ معطلی کے اعلان کے فوری بعد پی سی بی نے سخت نگرانی میں ٹورنامنٹس میں شریک تمام کھلاڑیوں کی حقیقی عمر کی تصدیق کے لیے بون ایج ویریفکیشن کا آغاز کیا۔اس ٹیسٹ میں ناکام ہونے والے کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ سے خارج کرنے سے قبل اپیل کا حق دیا گیا جس کے تحت ایسے تمام کھلاڑیوں کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کی زیرسربراہی پینل کے سامنے اپنے کیس پر وضاحت پیش کرنے کی اجازت دی گئی۔مجموعی طور پر نیشنل انڈر 16ٹورنامنٹ میں 36اورنیشنل انڈر 13ٹورنامنٹ میں شریک 20 کھلاڑیوں کو زائدالعمر قرار دے کر ٹورنامنٹ سے نکالا گیا ہے۔اس دوران ٹورنامنٹس میں شرکت نہ کرنے والے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرکے ان کے ہاتھوں کے کلائی ٹیسٹ کروائے گئے جنہیں بعدازاں اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔