کرونا، 15 اموات، مثبت کیسز کی شرح10 فیصد، چیئرمین نیب جاوید اقبال پازیٹو

Jan 27, 2022

اسلام آباد +لاہور(نامہ نگار) پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کیسز کی شرح  10اعشاریہ 17فیصد ریکارڈ کی گئی، ایکٹو کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 86ہزار سے تجاوز کر گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 5 ہزار 196 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 15 مریض اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ مزید 1 ہزار 453 مریض شفایاب ہو گئے۔ پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 137 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 86 ہزار 348 ہو چکی ہے۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال بھی کرونا کا شکار ہوگئے۔ ترجمان نیب نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کرونا میں مبتلا ہوگئے ہیں اور انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ کرونا کیسز کے  پھیلاؤ کے پیش نظر راولپنڈی میں چھ سکولوں اور تین کالجز کو سیل کردیا گیا۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق 3 فروری تک سربمہر کئے جانے والے سکولوں میں گورنمنٹ کمپری ہینسیو گرلز ہائر سیکنڈری سکول ڈھوک کشمیریاں، گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول نمبر ون جھنگی محلہ، گورنمنٹ ہائی سکول رتہ امرال، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نمبر ون باغ سرداراں، گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول کری ڈورال گوجر خان اور بیکن ہائوس سکول سسٹم ٹیپو روڈ جبکہ کالجز میں گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین ڈھوک رتہ، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین ڈھوک سیداں اور گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین موہن پورہ شامل ہیں۔ دوسری جانب شہر قائد میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح ایک بار پھر 40 فیصد سے زائد ہو گئی ہے۔ کراچی میں کرونا کیسز بڑھنے کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز کی سرعام خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔وفاقی دارالحکومت کے دو اہم کیسز نور مقدم قتل کیس اور تھانہ گولڑہ کے علاقہ میں نازیبا ویڈیو بنانے، تشدد اور بلیک میلنگ کیس کی سماعت کرنے والے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عطاء ربانی کی عدالت کے نائب قاصد کو کرونا ہوگیا۔ دوران سماعت عدالت کے نائب قاصد کی لیبارٹری رپورٹ دی گئی اور بتایا گیاکہ اس کا کرونا پازیٹو ہے۔ دریں اثناء کرونا وائرس کی وجہ سے راولپنڈی میں مزید 15 تعلیمی اداروں کو سربمہر کر دیا گیا۔ جن میں 11 سکولز اور گارڈن کالج سمیت چار کالجز شامل ہیں۔ ترجمان محکمہ صحت راولپنڈی ڈاکٹر وقار احمد نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں 83 سٹودنٹس، اساتذہ اور عملہ میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، یہ تعلیمی ادارے 10 روز کیلئے سربمہر کئے گئے ہیں۔ کرونا وائرس کی پانچویں لہر کے پھیلاؤ اور کرونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر قومی اسمبلی کا سیکرٹریٹ کی سرگرمیوں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری مراسلہ کے مطابق سیکرٹریٹ کا آفس ٹائم صبح 10بجے سے سہ پہر 4بجے تک ہو گا، اسمبلی اجلاس جاری رہنے کی صورت میں عملہ سیکرٹریٹ میں موجود رہے گا۔ مراسلہ کے مطابق ضروری عملے کو بلوانے کا فیصلہ برانچ، ونگ یا ڈائریکٹوریٹ کا انچارج افسر کرے گا۔ مراسلہ کے متن کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے تمام عملے کو مراسلے کے ذریعے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فون کال، وٹس ایپ اور ای میل کے ذریعے رابطے میں رہیں۔ سی سی پی او آفس لاہور میں کرونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا۔ ذرائع کے مطابق سی سی پی او آفس کے مزید دو افسران ایس ایس پی انٹرنل اکائونٹلٹی برانچ لاہور اعجاز رشید اور ڈی ایس پی ایڈمن خالد سعید کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

مزیدخبریں