لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر قانون و پارلیمانی امور پنجاب محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر نے صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی کو انارکلی دھماکے کے حوالے سے تحقیقات میں اب تک ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی جس کی روشنی میں اجلاس نے انارکلی واقعے پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کی منظوری دی۔ وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے سیالکوٹ واقعہ کے کیس پر تفتیش کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ ہفتے تک چالان مکمل کر لیا جائے۔ انہوں نے آئندہ ماہ یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 5 فروری کو یوم کشمیر کی ریلیوں کیلئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں ہونے والے پی ایس ایل میچز کے لئے بھی بہترین سکیورٹی انتظامات کئے جائیں اور سابق ایونٹس میں بنائے گئے پلانز میں ضروری تبدیلیاں کی جائیں۔ کابینہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ لاہور میں ہونے والے حالیہ تقریباً تمام بڑے واقعات کے کیسز ٹریس کر لئے گئے ہیں۔ دو روز قبل لاہور میں صحافی کے قتل میں ملوث ملزموں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ اجلاس نے پنجاب پولیس شہدا پیکیج کی بھی منظوری دی۔ محمد بشارت راجہ نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کے کنٹرول روم کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی۔