لاہور+اوکاڑہ (نیوز رپورٹر+نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ ’’نیا پاکستان قومی صحت کارڈ‘‘ کے ذریعے ہمیں عوام کی خدمت کی توفیق دی ہے۔ ’’نیا پاکستان قومی صحت کارڈ‘‘ کے ذریعے وزیراعظم عمران خان کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے خواب کو تعبیر ملی ہے۔ راولپنڈی ڈویژن کے تقریباً 30لاکھ خاندان مفت علاج کرا سکیں گے۔ راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال کے اضلاع کے شہری 10 لاکھ روپے سالانہ مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ وہ وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ’’نیا پاکستان قومی صحت کارڈ‘‘ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر پنجاب حکومت 400 ارب روپے خرچ کرے گی۔ پنجاب کو صحت کے حوالے سے ماڈل صوبہ بنائیں گے۔ پنجاب میں 23 نئے ہسپتال بن رہے ہیں۔ سابق حکومت کے مقابلے میں ہماری حکومت نے شعبہ صحت کے بجٹ میں 200 گنا اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں 8 مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بن رہے ہیں۔ ساڑھے 3 برس میں 158 ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا ہے اور 78 نئی ہیلتھ فسلیٹیز بنائی گئی ہیں۔ عام آدمی کو معیاری علاج کی سہولتیں فراہم کرنا ریاست مدینہ کی جانب سے ایک اہم قدم ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن عناصر ملکی مفادات کو بالائے طاق رکھ چکے ہیں۔ اپوزیشن کا ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے۔ اپوزیشن انتشار پھیلاکر اپنے منفی عزائم کی تکمیل چاہتی ہے۔حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے اور حکومت مدت پوری کرے گی، سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے۔ پاکستانی عوام عاقبت نا اندیش عناصرکے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ مسترد شدہ عناصر کے عزائم پہلے کی طرح ناکام رہیں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گجرات سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے۔ ایک طرف ہماری خدمت کی سیاست ہے اور دوسری طرف اپوزیشن کی منفی سیاست۔ ملک میں پی ڈی ایم کی انتشار پھیلانے کی سیاست نہیں چلے گی۔ ہم کام کر رہے ہیں اور اپوزیشن شر پھیلا رہی ہے۔ پنجاب میں رواں مالی سال 740 ارب روپے کے ڈویلپمنٹ پروگرام پر کام جاری ہے۔ اب کوئی علاقہ ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔ ماضی میں ترقی کا جھانسہ دیا گیا، حقیقی ترقی کا دور اب شروع ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں سلیم سرور جوڑا، میاں محمد اختر حیات، چوہدری لیاقت علی اور محمد ارشد چوہدری شامل تھے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاکستان سپر لیگ7 کے آغاز پر مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستانی عوام میچ دیکھنے کیلئے پرجوش ہیں۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اوکاڑہ کے علاقے کرمانوالہ بھی گئے اور صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری سے ان کے بھائی سجادہ نشین آستانہ عالیہ کرمانوالہ شریف پیر سید میر طیب علی شاہ بخاری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر سردار آصف نکئی، پارٹی رہنما رائے حسن نواز، اشرف سوہنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اپوزیشن کا ایجنڈا ملکی مفادات سے متصادم، حکومت مدت پوری کریگی: عثمان بزدار
Jan 27, 2022