لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز آج نیشنل سٹیڈیم کراچی سے ہوگا، جہاں ایک مختصر افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔گراونڈ کا انتظام پاک فوج نے سنبھال لیا۔ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔ افتتاحی تقریب کیلئے سٹیج تیار کرلیا گیا ہے۔ تقریب میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ بھی پرفارم کرینگے۔ بابر اعظم کراچی کنگز محمد رضوان جو ملتان سلطانز کی قیادت کرینگے ۔ملتان سلطانز ٹائٹل کا دفا ع کریگی۔ میچز میں 25 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے۔ لاہور کیلئے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ بعد میں کیا جائیگا۔ایونٹ کا دوسرا میچ کل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلا جائیگا۔کراچی میں 15 جبکہ لاہور میں 19 میچ کھیلے جائیں گے۔لیگ میں آئی سی سی کی تازہ ترین پلیئنگ کنڈیشنز لاگو ہونگی۔فیلڈنگ سائیڈ پر لازم ہے کہ وہ اننگز کے انیس اوورز مقررہ وقت میں مکمل کرے بصورت دیگر میچ کے آخری اوور کیلئے اس ٹیم پر 30-یارڈ کے سرکل کے باہر ایک کھلاڑی کم کھڑا کرنے کی شرط لاگو ہوگی۔کسی ٹیم کے کم ازکم 13 کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ منفی آجائیں تو اس ٹیم کا میچ نہیں رکے گا۔سکیورٹی ڈویژن نے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔ مجموعی طور پر 5 ہزار 650 اہلکار سکیورٹی پر مامور ہوں گے، سکیورٹی ڈویژن کے1700اہلکار فرائض انجام دینگے جبکہ ایس ایس یو کے 1200 کمانڈوز بھی تعینات کیے جائیں گے۔ٹریفک پولیس کے 1500‘سپیشل برانچ کے 500 اہلکار،ریپڈ رسپانس فورس کے 250 اہلکارتعینات ہونگے ۔ سندھ رینجرزاور دیگرقانون نافذ کرنیوالے اداروںکے اہلکاربھی فرائض انجام دیں گے۔ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران ماہر نشانہ باز بھی اہم تنصیبات پر تعینات ہیں، اہلکار نیشنل سٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ اور متعین روٹس پر تعینات ہیں ۔ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران فضائی نگرانی بھی کی جائیگی جبکہ نیشنل سٹیڈیم کے باہر خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس موجود ہوگی۔قومی شناختی کارڈ اور کرونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے حامل افراد کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائیگی،سٹیڈیم میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہوگا، رولز کی خلاف ورزی پر سٹیڈیم سے نکال دیا جائے گا۔سٹیڈیم میں سگریٹ، ماچس، لائٹر، چاقو، دھاتی اشیا لانے کی اجازت نہ ہوگی جبکہ آتشی اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکہ خیز مواد اور پٹاخے لانا بھی سخت ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم گراؤنڈ میں بنائے جانے والے عارضی کمنٹری باکس میں آگ بھڑک اٹھی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ شب کمنٹری باکس کی تیاری کے دوران بجلی کے تاروں میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے سے اچانک آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ نیشنل سٹیڈیم کی تیسری منزل پر کمنٹری باکس کمنٹیٹرز اور براڈکاسٹر کے بائیو سکیور ببل کا حصہ ہونے کے سبب گراونڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔آگ کے نتیجے میں ساونڈ سسٹم مکمل طور پر جل گیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل رائونڈر شاہد آفریدی نے سکیور ببل چھوڑنے کی درخواست دی ہے۔وہ کمر کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے ہیں جبکہ ان کی سالی بھی انتقال کرگئی ہیں۔ شاہدآفریدی نے دوبارہ بائیوسکیور ببل جوائن کر لیا ہے۔ شاہدآفریدی مینجمنٹ سے درخواست کر کے بائیو سکیور ببل سے باہر گئے تھے تاہم اب وہ ببل میں واپس لوٹ آئے ہیں۔ ڈاکٹر سے معائنہ کے بعد واپس ہوٹل آگئے ہیں اور وہ 3دن آئسولیشن کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔
پاکستان سپر لیگ، میدان سج گیا، افتتاحی تقریب، پہلا میچ آج، سکیورٹی فوج کے حوالے
Jan 27, 2022