سکردو میں کھیلی جانے والی آئس ہاکی چمپیئن شپ کا اختتام سیاچن گلیشیئر کی جیت پر ہو گیا. فائنل میں چھوغو لونگما گلیشیئر کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دی۔اس چیمپیئن شپ میں شائقین خون جما دینے والی سردی میں اپنی ٹیموں کا حوصلہ بڑھاتے دکھائی دیے، جہاں ان مقابلوں میں حصہ لینے والی ٹیموں کے نام گلیشیئرز کے ناموں پر رکھے گئے تھے۔اس ایونٹ میں پہلی مرتبہ خواتین کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا ، کینیڈا کے ہائی کمشنر وینڈی گلیمور نے بھی خصوصی طور پر اس ایونٹ میں شرکت کی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلیمور نے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان میں ونٹر اسپورٹس کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سکردو میں ہونے والی اس آئس ہاکی چمپیئن شپ کا فائنل سیاچن گلیشیئر اور چھوغو لونگما گلیشیئر کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں انتہائی سنسنی خیز میچ کے بعد سیاچن گلیشیئر کی ٹیم نے فائنل مقابلہ اپنے نام کیا۔ایونٹ کی اختتامی تقریب کے موقع پر جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ہاتھوں میں مشعلیں اٹھا کر رنگ میں فاتحانہ سکیٹنگ بھی کی۔اس موقع پر بلتستان کا روایتی تہوار ’جشن مے فنگ‘ بھی منایا گیا جبکہ شائقین نے رنگین کاغذی فانوس ہوا میں چھوڑ کر خوشی کا اظہار کیا۔تقریب میں کنیڈین ہائی کمشنر، صوبائی وزرا اور عسکری، انتظامی سربراہوں نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اور کھیلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔