راولپنڈی :اومیکرون کا پھیلاﺅ، ٹریفک وارڈنز کی شہریوں میں ماسک کی تقسیم

راولپنڈی میں اومیکرون وائرس کے پھیلاﺅ کے پیش نظر ٹریفک وارڈنز کی طرف سے شہریوں میں ماسک کی تقسیم کی گئی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی (سی ٹی او) وسیم ریاض کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہو کر اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی اس موذی وباء سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔وسیم ریاض نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے آغاز سے اب تک ٹریفک پولیس کے افسران و جوانوں نے فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اس وباء سے محفوظ رکھنے کے لئے کئی افسران و جوان کورونا وائرس میں مبتلا بھی ہوئے، اس وباء میں مبتلا ہونے والے افسران و جوانوں کو سرکاری طور پر علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔

 چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈنز کی صحت اور ویلفیئر کے حوالے سے ہر ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، تمام افسران و جوانوں کی سرکاری طور پر ویکسینیشن بھی کروائی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن ونگ کے ذریعے عوام الناس میں اومی کراﺅن وائرس اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔سی ٹی او وسیم ریاض نے مزید کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو تحفظ بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔انکا کہنا ہے کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں.اومیکرون وائرس سے بچاﺅ کے پیش نظر ٹریفک ہیڈ کواٹر سمیت تمام خدمت مراکز میں ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن