لاہور(خصوصی نامہ نگار)اسلامی قومی اتحاد کے کنوینر نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ میاں خالد حبیب ایڈ ووکیٹ نے یورپی ممالک میں ہونے والی قرآن کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی مغرب کے سیکولرازم کے مکروہ چہرہ پر ایک زوردار طمانچہ ہے ۔مغرب کے یہود و نصاریٰ جان بوجھ کر بدنیتی سے امن عالم کو تباہ کرنے کے لیے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کی دانستہ اور جان بوجھ کر دل آزاری کر رہے ہیں اگر ایسا فعل کوئی اخلاق باختہ شخص کرے تو ایسا فعل اس کا انفرادی عمل تصور ہوتا ہے مگر جب ایک ملک کا سیاسی رہنما ایسا فعل سرزد کرتا ہے تو یہ انفرادی نہیں بلکہ اس معاشرے کے بیمار ذہنیت اور اسلام دشمنی کی عکاسی کرتا ہے ۔