کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے مسائل کو پیپلز پارٹی نے حقیقی طور پر حل کیا ہے اور پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے لائنز ایریا کی عوام کی عملی خدمت کی ہے ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی ضلع شرقی پی ایس 105 کے جنرل سیکرٹری ارشد جان نے نواز گجر کی قیادت میں ملنے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ' وفد میں انتظار بھائی ایڈووکیٹ 'عرفان حیدر رضوی‘سلیم بھائی‘ شہباز گجر‘ جاوید سکندر‘ نوید گجر‘ لیاقت علی اور ارسلان مرزا شامل تھے۔ ارشد جان نے کہا کہ انشا اللہ کراچی کا میئر پیپلز پارٹی کا جیالا ہو گا کیونکہ کراچی کی ترقی میں پیپلز پارٹی کا کردار سب سے زیادہ ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ شہریوں کی بلا تفریق خدمت کی ہے جس کی سب سے بڑی مثال لائنز ایریا کی آباد کاری ہے اور آج لائنزایریا کی تمام یوسیز میں سیوریج‘ اسٹریٹ لائٹس‘ پانی اور گیس جیسے مسائل کو بلدیاتی انتخابات سے قبل حل کیا ہے جس کی گواہ لائنز ایریا کی عوام ہے وہ وقت اب دور نہیں جب لائنز ایریا کے دیگر مسائل کو بھی حل کریں گے۔ ارشد نے کہا کہ جو جماعتیں کراچی کا میئر بننے کا دعوی کر رہی ہیں انہی کراچی کی عوام بخوبی جانتی ہیں کہ انہوں نے کراچی کی عوام کی خدمت کی ہے اور بالخصوص پی ایس 105ضلع شرقی کے لئے کچھ نہیں کیا ہے بلکہ ایک جماعت کے ممبر صوبائی اسمبلی نے ترقیاتی فنڈز کو اپنی ذات کیلئے استعمال کیا ہے لیکن پیپلز پارٹی نے پی ایس 105 کی عوام حقیقی معنوں میں خدمت کی ہے۔