بابرکت ماہ رجب میں گناہوں سے بچیں ، علامہ الیاس قادری


کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطارقادری نے کہا ہے کہ اسلام میں تین مہینوں کو بہت اہمیت حاصل ہے ،ماہ رجب حرمت اوربہت بابرکت مہینہ ہے ، زمانہ جاہلیت میں بھی اس ماہ کا احترام ہوتا تھا ،وہ لوگ اس کے احترام میں ہتھیار ڈال دیتے تھے اور جنگ  و جدل نہ کرتے ،جب غیر مسلم رجب کا احترام کرتے تھے تو مسلمانوں کو بھی چاہئے کہ اس بابرکت مہینے میں گناہوں سے بچیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ماہ رجب المرجب کے سلسلے میں ہونے والے مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ رجب عبادت کے بیج بونے کا مہینہ ہے ،شعبان آنسوؤں سے سیراب اور ماہ رمضان فصل کاٹنے کا مہینہ ہے ، جو رجب کے سات روزے رکھے اس پر جہنم کے ساتوں دروازے بند ہوجاتے ہیں ۔جنت میں ایک نہر کانام رجب ہے جس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید ،شہد سے زیادہ میٹھا ہے وہ پانی رجب کے روزے داروں کو ملے گا ،رجب کے روزے داروں کیلئے جنت میں محل ہے ۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ بعض دعائیں ایسی ہوتی ہیں جو جائز ہونے کے باوجود ان کا قبول نہ ہونا ہمارے حق میں بہتر ہوتا ہے،بعض لوگوں کا غریب رہنا ،بعض کا دولت مند ہونا،بعض کے حق میں صحت مند اور بعض کے حق میں بیمار رہنا بہتر ہوتا ہے اگر ایسا نہ ہو تو وہ اللہ پاک کی نافرمانی اور ناشکری میں مبتلا ہوجائیں گے  اور اپنا نقصان کربیٹھیں گے ،یہ اللہ پاک کی تقسیم ہے وہ اپنے بندوں کو وہ عطا فرماتا ہے جو ان کے حق میں بہتر ہوتا ہے ۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ غریب مالدار ہونے کیلئے تڑپ رہا ہوتا ہے مگر امیر وہی بنتا ہے جس کے حق میں امیر ہونا بہتر ہوتا ہے، اللہ پاک نے جس کو جیسا بنایا اس میں اس کی بے شمار حکمتیں ہیں ،مگر بندہ نہیں سمجھتا ، اللہ پاک بڑا کریم ہے وہ ہماری بھلائی پر نظر فرماتا ہے ،بعض کا مالدار ہوجانا انہیں اللہ پاک کا باغی بنادیتا ہے ،ایسے لوگوں کا مالدار نہ ہونا بہتر ہے۔امیر اہل سنت نے کہا کہ مالداروں میں بھی پرہیزگار لوگ ہیں ،مالدار دین کی خدمت کرتے ہیں اس کا انکار نہیں ،مگر غریبوں میں دین اسلام کی خدمت کا جذبہ زیادہ دیکھا جاتا ہے وہ دین اسلام کی خاطر زیادہ بھاگ دوڑ کررہے ہوتے ہیں ، یاد رکھیں وہ مالدار اور وہ غریب اچھا نہیں جو اللہ پاک کی نافرمانی کرتا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن