شہر کو قبائلی علاقہ بننے سے بچانا ہوگا،آفاق احمد

Jan 27, 2023


کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئر مین آفاق احمد نے شہر میں تیزی سے بڑھتی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں اور ان میں ہونے والے قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منظم سازش کے تحت اسٹریٹ کرائم کے نام پر مہاجر نوجوانوں کو قتل کیا جارہاہے جسے کسی طور قبول نہیں کیا جاسکتا۔آفاق احمد نے کورنگی میں اسٹریٹ کریمنل کے ہاتھو ں ایک اور نوجوان کی ہلاکت کو تمام قوم کیلئے خاموش پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس و انتظامیہ مقامی افراد کی جان و آبرو کی حفاظت کیلئے سنجیدہ نہیں، ایسے حالات میں نوجوانوں کو حکومت یا پولیس کی جانب دیکھنے کی بجائے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے پیاروں کی حفاظت کیلئے آگے آنا ہوگا تاکہ اپنے لوگوں درندگی کا شکار بننے سے بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ شہر کریمنل کیلئے محفوظ آماجگاہ بن چکا جہاں نہ صرف ملک بھر سے آئے غیر مقامی افراد مجرمانہ کارروائیوں کے زریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں بلکہ غیر قانونی تارکین وطن بغیر کسی اندراج کے باآسانی شہر میں داخل ہوکرشہرکے امن کوخوف کی فضامیں تبدیل کررہے ہیں جوملکی سلامتی کیلئے انتہا ئی خطرناک ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو قبائلی علاقہ بننے سے بچانا ہوگا جس کیلئے شہر میں موجود غیرقانونی تارکین وطن کو نہ صرف مخصوص علاقوں تک محدود رکھنا ہوگابلکہ مزید آنے والوں کی آمدپر پابندی لگانی ہوگی تاکہ اس شہر کو کسی بڑے نقصان سے محفوظ بنا یا جاسکے۔

مزیدخبریں