اسلام آباد؍ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ سٹاف رپورٹر) سیلاب کے باعث بند کی جانے والی گرین لائن ٹرین کو آج سے پریمیم ایکسپریس کے طور پر چلایا جائے گا۔ ٹرین میں فائیو سٹار ہوٹل کی طرف سے ناشتہ، لنچ، ہائی ٹی اور ڈنر ٹکٹ کی قیمت ہی میں دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اعلیٰ معیار کی بیڈنگ، یوٹیلیٹی کٹ اور ہاؤس کیپنگ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ ہائی پروفائل ٹرین کا افتتاح وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے۔ مارگلہ سٹیشن سے کراچی تک چلنے والی گرین لائن راستے میں راولپنڈی، چکلالہ، لاہور، خانیوال، بہاولپور روہڑی، حیدرآباد اور ڈرگ روڈ پر رکے گی۔ اس ٹرین کو چین سے آنے والی نئی کوچز کے ساتھ چلایا جائے گا۔ ٹرین کراچی سے رات دس بجے چلا کرے گی، اگلی دوپہر سوا دو بجے لاہور اور رات سوا آٹھ بجے مارگلہ پہنچے گی۔ اسی طرح مارگلہ سے سفر کا آغاز سہ پہر تین بجے ہو گا، رات آٹھ بجے ٹرین لاہور جبکہ اگلے روز دوپہر دو بج کر بیس منٹ پر کراچی پہنچے گی۔ گرین لائن ٹرین 5 اے سے بزنس، 2 اے سی پارلر، 6 اے سی سٹینڈرڈ، 5 اکانومی کلاس کوچز پر مشتمل ہو گی۔ جبکہ پاور وین، بریک وین سمیت یہ ٹرین 19 کوچوں پر مشتمل ہوگی۔ ریلوے کی جانب سے گرین لائن ٹرین میں خواتین کیلئے الگ نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
مارگلہ تا کراچی گرین لائن ٹرین کا نام پریمیم ایکسپریس، وزیراعظم آج افتتاح کرینگے
Jan 27, 2023