نیو یارک (اے پی پی) سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنی نئی کتاب نیور گیو این انچ میں دعوی کیا ہے کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی ا ے فروری 2018ء میں اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے ایجنٹس کے ایران سے فرار میں ان کی مدد کی۔ یہ ایجنٹ ایران کا خفیہ جوہری دستاویزات کا ذخیرہ چرانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ سعودی اخبار کے مطابق انہوں نے اپنی کتاب میں لکھا کہ اس وقت کے موساد کے ڈائریکٹر یوسی کوہن کے ساتھ متعدد بار بات چیت ہوئی تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا یہ رابطے کن تاریخوں میں ہوئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوسی کوہن نے انہیں بتایا کہ ہمارے پاس ایک ٹیم تھی جس نے ابھی ایک بہت اہم مشن مکمل کیا ہے اور اب مجھے ان میں سے کچھ کو ایران سے باہر نکالنے میں تھوڑی پریشانی ہو رہی ہے اور اس کے لئے مجھے آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ مائیک پومپیو نے مزید کہا یوسی کو ہن نے انہیں کئی مرتبہ اسی حوالے سے فون کئے اور میں نے خطرات کی پرواہ کیے بغیر اس پر کام کرنا شروع کیا۔ انہوں نے انکشاف کیاکہ اگلے دو دنوں کے اندر موساد کی ٹیم بغیر کسی مشکل کے ایران سے بحفاظت واپس آ گئی۔
امریکہ نے ایران کے جوہری راز چرانے میں اسرائیل کی مدد کی تھی: پومپیو
Jan 27, 2023