گجرات ( نامہ نگار)گجرات میںسیاسی جماعتوں نے پنجاب کے سابقہ دور میں ہونیوالے قبضوں ، جھوٹے مقدمات ، ظلم زیادتی کیخلاف جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرے ،مظاہرے میں پاکستان مسلم لیگ (ن )،پاکستان پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی، سول سوسائٹی ، متاثرہ بزنس مینوں اور کسانوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف پلے کارڈ تھام رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے ۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت ن لیگی ایم این اے چوہدری عابد رضا، سابق مشیر وزیر اعلیٰ نوابزادہ طاہر الملک نے کی احتجاج میں سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ملک جمیل اعوان ،نوابزادہ حید ر مہدی، حاجی عمران ظفر ، میجر (ر) معین نواز ، مرکزی صدر انجمن تاجراں جاوید بٹ ، چوہدری علی کلاچور ، الحاج امجد فاروق ، یوسف گل ، چوہدری علیم اللہ وڑائچ ، نوابزادہ غضنفر علی گل، چوہدری ندیم اصغر کائرہ دیگر نے اپنے اپنے حلقوں سے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ شرکت کی۔ جی ٹی روڈ پر احتجاج کے باعث لاہور ، اسلام آباد جانیوالی ٹریفک کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے وڈویژنل صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) چوہدری عابد رضا نے کہا کہ انشاء اللہ گجرات میں کسی بدمعاش، قبضہ گروپ کو نہیں چھوڑیں گے ۔ نوابزادہ طاہر الملک نے کہا کہ ہم نے الیکشن میں اپنے ووٹ پر پہرہ دینا ہے ۔