لاہور ( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ ٹولے کی ایماء پر پی ٹی آئی کے ایک رہنما کے خلاف ایڈونچر کیا گیا تو 10منٹ میں سارا لاہور جاگ اٹھا، متنبہ کرتے ہیں عمران خان کے خلاف ایسے کسی ایڈونچر کی جرات بھی نہ کی جائے ، فواد چوہدری ، عمران خان کی عوام کے حقوق کیلئے لازوال جدوجہد میں پہلی صفوں کا مجاہد ہے ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پولیس گردی کی ممکنہ اطلاع ملتے ہی کارکنان اور عوام فیملیوں کے ہمراہ اظہار یکجہتی کیلئے زمان پارک پہنچے ہیں، کارکنان اور عوام عمران خان کی حفاظت کیلئے زمان پارک سے جانے کیلئے بالکل بھی راضی نہیں،یہ لوگ جانتے ہیں عمران خان نے ان کی اور ان کی آنے والی نسلوں کیلئے مافیاز سے ٹکر لی ہے ،امپورٹڈ ٹولہ یاد رکھے اگر قوم کے لیڈر کے خلاف کوئی حرکت ہوئی تو یہ ان کا آخری ایڈونچر ہوگا ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان سچا اور کھرا لیڈر ،ان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے اس لئے عوام جان ان پر چھڑکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت دیکھ کر سیاسی مخالفین کے روزانہ پلیٹ لیٹس گرتے ہیں اور یہ اب کبھی اوپر نہیں آئیں گے۔