راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)قومی بچت مراکز میں سہولتوں کے فقدان سے کھاتے داروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کسی برانچ میں عملے اور جگہ کی کمی،اور کسی برانچ میں لوڈ شیڈنگ میں متبادل انتظامات نہ ہونے سمیت متعدد شکایات سامنے آئی ہیں۔ راولپنڈی صدر میں واقع برانچ میں کئی روز سے جنریٹر خراب ہے۔ بجلی بند ہوتے ہی عملہ ہاتھ پر ہاتھ دھر کے بیٹھ جاتا ہے۔ انتہائی تنگ عمارت میں لوڈشیڈنگ اور شٹ ڈان کے وقت دن میں بھی ہاتھ کو یاتھ سجھائی نہیں دیتا جس سے کھاتے داروں کو اندھیرے میں بجلی کا طویل انتظار کرنا پڑتا ہے جو کہ سکیورٹی خدشات کے حوالے سے بھی نامناسب ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ صدر برانچ کو راولپنڈی جی پی او اور اے ڈبلیو ٹی بلڈنگ میں شفٹ کرنے کے منصوبے پر بھی کوئی پیش رفت نظر نہیں ہو سکی۔ پاکستان پوسٹ سے لاکھوں کھاتے داروں کی سیونگ سنٹرز کی منتقلی کے بعد صارفین کو اس ادارے میں بنکوں جیسی اے ٹی ایم اور ان لائن دیگر ڈیجیٹلائز سہولتیں حاصل نہیں ہو سکیں۔ اکاؤنٹ ہولڈرز نے حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔