کلرسیداں(نامہ نگار) سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بھونچال ملک کی طرف بڑھ رھاہے مگر سیاست دان اس کا مقابلہ کرنے کی بجائے ایک دوسرے کا گریبان پکڑنے میں مصروف ہیں۔میں نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی دس سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے عوام صوبائی نشست پر مجھے اور قومی اسمبلی کی نشست پر قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو بھاری ووٹوں سے کامیاب کریں۔اگر قومی اسمبلی کے میرے حلقہ میں ضمنی الیکشن میں عمران خان امیدوار ہوئے تو پھر بھی میں الیکشن ضرور لڑوں گا۔ انہوں نے کلرسیداں کے نواحی قصبے ساگری میں سابق چیئرمین یوسی راجہ شہزاد یونس اور قاسم مشتاق کیانی کی رہائشگاہوں پر منعقدہ بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اعلی سطع سے بھی شمولیت کی دعوت دی گئی ہے میں مسلم لیگ ن میں جاؤں گا نہ پی ٹی آئی کا حصہ بنوں گا آزاد حیثیت سے الیکشن لڑوں گا مجھے ووٹ دینے والوں کو کبھی شرمندگی نہیں ہوتی میں ملک میں جاری گالم گلوچ میں سیاست کا حصہ نہیں بن سکتا میری ترجیحات میں ایمان،پاکستان اور عوام کی خدمت ہے میں نے اگر اسمبلی میں ہی پہنچنا ہوتا تو کسی بھی جماعت میں شامل ہو کر اسمبلی پہنچ سکتا ہوں ۔مسلم لیگ ن کی تشکیل اور کامیابیوں میں میرا بھی بڑا حصہ ہے میں پی ٹی آئی میں جاکر اسے برا نہیں کہہ سکتا عمران خان سے میری دوستی ہے عمران خان سے میرے تعلقات اور دوستی پچاس سالوں پر محیط ہے یہ میرے بہت اچھے دوست ہیں میری بہت عزت کرتے ہیں مسلم لیگ ن میں شامل ہوکر عمران کو برا نہیں کہہ سکتا میں کسی بھی جماعت میں شامل ہوکر الزام تراشی اور گالم گلوچ کی سیاست کا حصہ نہیں بن سکتا۔پیپلزپارٹی کا سیاسی میدان میں ناقد رھا ان کی جانب سے بھی اعلی سطع پر رابطہ کرکے شمولیت کی دعوت دی گئی مگر میں کسی بھی جماعت کے ٹکٹ پر نہیں اپنے لوگوں کی مدد سے کامیاب ہونا چاہتا ہوں میرے پاس حالات کی بہتری کے لیئے ایک خاکہ ہے جس کا اظہار کامیابی کے بعد کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست کو گالی گلوچ میں تبدیل کردیا گیا ٹی وی چینل پر ایک دوسرے پر ایسے الزامات عائد کیئے جاتے ہیں اور ایسی زبان استعمال کی جاتی ہے جس کی مہذب معاشروں میں اجازت ہی نہیں۔ مسلم لیگ ن میں نواز شریف،پی ٹی آئی میں عمران خان،پیپلز پارٹی میں زرداری جے یو آئی میں فضل الرحمان کی خوشامد کرسکتا ہوں نہ جوتیاں سیدھی کرسکتا ہوں،اقتدار کے لیئے نہیں اقدار عزت وقار اور مخلوق خدا کی خدمت کے لیئے سیاست کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ اب صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی دس سے آزاد حیثیت میں خود الیکشن لڑیں گے پی پی بارہ میں متفقہ امیدوار کے لیئے کمیٹی قائم کردی ہے اگر قومی اسمبلی کے بھی ضمنی الیکشن ہوئے تو مخالفین کے لیئے میدان خالی نہیں رکھوں گا بلکہ اگر عمران خان بھی پی ٹی آئی کی جانب سے امیدوار ہوئے تو میں اپنی آبائی نشست پر الیکشن ہرصورت لڑوں گا۔انہوں نے کہا کہ اس برس ہمیں اپنی گزر بسر کے لیئے تیس ارب اور آئندہ برس چوالیس ارب کی ضرورت ہے انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رھا ہے اب ہم پر باہر سے کوئی حملہ نہیں کرے گا ہمیں آپس میں لڑوایا جا رھا ہے بہت ہی خطرناک بھونچال ہماری طرف بڑھ رھا ہے مگر ہمارے سیاستدان مشترکہ طور پر اس کا مقابلہ کرنے کی بجائے ساری توانائیاں ایک دوسرے کا گریبان پکڑنے اور گالیاں دینے پر مرکوز کر رکھی ہیں انہیں ملک کا کوئی احساس ہی نہیں۔
چوہدری نثارکا پی پی دس سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ
Jan 27, 2023