بہت سمجھا یا اسمبلی نہ توڑو عمران کے قریبی لوگوں نے پارٹی کی جڑکاٹی پہلے پکڑا جاتا تو  ٹھیک رہتا : پرویز الہی

Jan 27, 2023


لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کو بہت سمجھایا کہ ابھی کام کرنے دو، اسمبلی مت توڑو مگر میری ایک نہیں مانی گئی۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا ساڑھے 5 ماہ میں پانچ سال کا کام کیا، میں کہہ کہہ کر تھک گیا تھا کہ ابھی کام کرنے دیں، اب اسمبلی توڑ دی ہے دیکھو کیا حال ہے، ایک سال اور کام کرتے تو یہاں ن لیگ کے کپڑے تک نہ ملتے، ن لیگ والے ملے جو کہتے تھے کہ شکر ہے اسمبلی ٹوٹی ورنہ ہماری سیاست ختم تھی۔ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا خان صاحب کے قریب موجود لوگوں نے ہی پارٹی کی جڑ کاٹی، چار پانچ قریبی لوگوں میں سے ایک پکڑا گیا ہے، پہلے پکڑا جاتا تو کام ٹھیک رہتا۔ عمران خان کے اعتماد سے وزارت اعلیٰ ملی، عمران خان اب بھی پاکستان کے مقبول ترین سیاسی لیڈر ہیں، عمران خان کو کہا تھا کہ 25 مئی یاد ہے انہوں نے نہیں چھوڑنا، لاہور کے کام بند، محمود الرشید کے کام بند تھے، میاں اسلم اقبال کے حلقے میں کام ہو رہے تھے، 21 ارب کے لاہور اور اسلم اقبال کے حلقے میں کام ہوئے، یہی لوگ کہہ رہے تھے کہ فوری اسمبلیاں توڑیں۔ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا جو کچھ محسن نقوی کر رہا ہے یہ عقل کا مارا ہے، تمہارا کام الیکشن کروانا ہے وہ کرواؤ، کیا تم نے گھر نہیں آنا، آرام سے بیٹھو اور کوئی اچھا کام کرکے جاؤ تاکہ لوگ تمہیں یاد کریں، تم انتقامی کارروائیاں کیسے کر سکتے ہو، الیکشن کا ہفتے میں شیڈول آگیا تو آپ پھر کچھ نہیں کر سکتے، صاف شفاف الیکشن ہی کروا دو تو بڑی بات ہے۔ اس طرح کے سیاسی حالات بہت دیکھے ہیں لیکن ہم گھبرانے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ راسخ الٰہی نے خاتم النبیینؐ یونیورسٹی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ عمران خان نے بھی تحفظ ختم نبوتؐ کے حوالے سے بہت کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو مانگنے کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔ لیپ ٹاپ دینے سے تعلیم عام نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے سپریم کورٹ کے جج کے خلاف غلط باتیں کر رہے ہیں۔ ن لیگ کے اس وکیل کا لائسنس چیک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے ساتھ شانہ بشانہ چلنا ہے۔ 
 پرویز الٰہی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پرویزالہی کے بیان پر تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا۔ حماد اظہر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ کیا سیاست ہے کہ کبھی ایک سے مل کر پنجاب حکومت بنالیں کبھی دوسرے کے ساتھ اور کبھی کوئی اور سازش کر کے۔ حماد اظہر نے کہا کہ ووٹ بینک کوئی ہے نہیں، چار بندے اِدھر سے لیے،  چار اْدھر سے اور پارٹی بنالی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اسمبلی توڑتے وقت اچھی طرح مشکلات کا اندازہ تھا، کل فواد چوہدری کا کوئی نقصان نہیں ہوا، وہ قوم کا ہیرو بنا ہے۔ علاوہ ازیں  حماد اظہر نے کہا کہ ڈالر میں ایک دن میں 25 روپے اضافہ ہوا۔ ڈالر کے ریٹ  کا اتنا ہونا معاشی اور سیاسی تباہی ہے۔ آج اوپن مارکیٹ کا ریٹ ہی نہیں آیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ جون میں آئی ایم ایف پروگرام ایکسپائر ہونے جا رہا ہے۔ جون سے پہلے نئی حکومت کا آنا ضروری ہے جو معاہدہ کرے۔ اس حکومت کی کوئی کریڈبیلٹی نہیں ہے۔ آئی ایم ایف اور عالمی ادارے اسی لئے ان سے زیادہ انگیج نہیں کر رہے۔ گزشتہ نو ماہ میں معاشی تباہی کے اثرات ابھی آنے ہیں۔ اسحاق ڈار کی پالیسیوں کی وجہ سے آج ہر چیز کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ مہنگائی کی شرح 30  سے 40 فیصد تک جائے گی۔  تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ فنانشل ٹائمز نے لکھا عمران خان اس وقت بہت زیادہ مقبول لیڈر ہیں، ہزاروں کارکن پہرہ دیتے رہیں گے، زمان پارک کے باہر کسی کو بریانی نہیں دی جاتی۔ مسلم لیگ کی طرح اللہ رکھا پیپسی کو نہیں بلایا جاتا۔ عمران خان کو گولیوں سے چھلنی کرنا، فواد چودھری کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے۔ اقتدار میں آکر معیشت کو ریسکیو کرنا پڑے گا۔ ہمیں معلوم ہے مشکلات آئیں گی۔  ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، ہمارا مطالبہ شفاف انتخاب ہے۔ حماد اظہر نے کہا فواد چودھری کے اوپر چادر نہیں ڈالی گئی پورے جمہوری نظام پر ڈالی گئی۔  چودھری پرویز الٰہی کو ادب سے جواب دینا چاہتا ہوں پی ٹی آئی اس وقت ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، عمران خان نے روایتی سیاست کو رد کیا ہے، معلوم ہے مزید مشکل راستے آئیں گے، ہم تیار ہیں۔ ملک  تباہ ہو رہا ہے  تو ہم وزارت اعلیٰ کے مزے نہیں لے سکتے ہیں۔ عمران خان آج اگر سودے بازی کر لے تو اقتدار میں آسکتا ہے۔ فواد چودھری اس ملک کا ہیرو ہے۔ 
 حماد اظہر

مزیدخبریں