وجاہت ق لیگ کے صدر منتخب : پرویز الہی گروپ  : پارٹی پریزیڈنٹ شجاعت ہی ہیں : طارق چیمہ سالک حسین



لاہور؍ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس چیئرمین الیکشن کمشن جہانگیر اے جھوجہ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں چاروں صوبائی عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں چودھری وجاہت حسین کو بلا مقابلہ مرکزی صدر اور سینیٹر کامل علی آغا کو بلامقابلہ مرکزی سیکرٹری جنرل جبکہ چودھری پرویزالٰہی کو بلامقابلہ صوبائی صدر منتخب کر لیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے سابق صوبائی وزیر باؤ رضوان کو پنجاب کا جنرل سیکرٹری نامزد کیا۔بعد ازاں بلوچستان سے احسان ناصر، کے پی کے سے کاشف ترکئی، سندھ سے معیز الحسن، میاں عمران مسعود، عبداللہ یوسف، باؤ رضوان اور قمر حیات کاٹھیا نے قرارداد پیش کی۔ اجلاس میں سینیٹر کامل علی آغا، چودھری موسیٰ الٰہی، میاں عمران مسعود، حافظ عمار یاسر، چودھری احسان الحق، شجاعت نواز اجنالہ، بلوچستان سے احسان ناصر، کے پی کے سے کاشف ترکئی، سندھ سے معیز الحسن ،اظہر خان یوسف زئی، میاں منیر، قمر حیات کاٹھیا، ڈاکٹر زین بھٹی، ملک شکیل سکندر، مخدوم بابر، چودھری مقصود گجر، وقاص حسن مؤکل، عبدالرشید بوٹی، خالد اصغر گھرال، چودھری ریاض اصغر، ذوالقرنین ساہی، خواجہ وقار الحسن، خدیجہ فاروقی،  کنول نسیم، ماجدہ زیدی سمیت دیگر مسلم لیگی رہنما شریک ہوئے۔ دوسری طرف مسلم لیگ ق کے سینئر رہنماؤں طارق بشیر چیمہ اور سالک چودھری نے کہا کہ ہے قانونی و آئینی طور پر چودھری شجاعت حسین ہی پارٹی کے صدر ہیں۔ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ آج ہم نے جنرل کونسل کی اسلام آباد میں میٹنگ رکھی تھی، جنرل کونسل میں چاروں صوبوں کی نمائندگی ہونا تھی، چودھری شجاعت حسین کی طبیعت خرابی کی وجہ سے آج جنرل کونسل کی میٹنگ نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتا ہے لاہور میں ڈرامہ ہو رہا ہے، وقت آنے پر بتائیں گے لاہور میں ڈرامہ کیوں ہو رہا ہے، یہ وہ ٹولہ ہے جو باضابطہ طور پر پی ٹی آئی میں ضم ہونے جا رہا تھا، ہمیں کوئی اعتراض نہیں پرویزالٰہی جس مرضی پارٹی میں جائیں۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ آج دوسرا ڈرامہ کیا گیا کہ عمران کے شانہ بشانہ الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین ہیں، الیکشن کمشن کا فیصلہ اگر میرٹ پر ہوا تو چودھری شجاعت کے حق میں ہو گا، یہ ممکن نہیں پنجاب کا صدر مرکزی صدر اور تمام عہدے داروں کو تبدیل کر دے۔ سالک چودھری کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر ظاہر کریں گے کہ لاہور میں ڈرامہ کیوں چل رہا ہے، اگر جنرل کونسل کا اجلاس بلانا ہے تو 10 دن پہلے نوٹس دیا جاتا ہے، آج لاہور والے اجلاس میں ان کے سارے ایم پی ایز بھی پورے نہیں آئے۔ جنرل کونسل اجلاس کے حوالے سے دھوکہ دیا جا رہا ہے، سارا کچھ انہوں نے جلد بازی میں کیا ہے، کل انہوں نے پارٹی میں ایک نام نہاد الیکشن بھی کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی و آئینی طور پر چودھری شجاعت حسین ہی پارٹی کے صدر ہیں۔ 
ق لیگ

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...