لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ فواد چودھری کا اغواء ان کے ساتھ دہشتگرد جیسا سلوک اور جعلی ایف آئی آر پر دو روزہ جسماجی ریمانڈ دینا غلط ہے۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ واضح کرتا ہے ملک میں سب غلط ہو رہا ہے، یہاں انصاف نہیں صرف جنگل کا قانون ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر ریاست اور بدمعاشوں کا خیال ہے کہ وہ ہمیں خوفزدہ کر سکتے ہیں تو وہ غلطی پر ہیں، لوگ اس فسطائیت کے خلاف کھڑے ہونے کے لئے زیادہ پر عزم ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اور میری پارٹی جمہوریت قانون کی حکمرانی اور انصاف کیلئے فاشسٹ طاقتوں کے خلاف لڑیں گے۔ دریں اثناء چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت مرکزی لیڈر شپ کا اجلاس ہوا جس میں اسد عمر، اسد قیصر، شبلی فراز، عمر ایوب، یاسمین راشد اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجود سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی طور پر مشاورت کی گئی۔ اس کے علاوہ شرکاء نے خاص طور پر الیکشن کمشن کے رویے پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں الیکشن کمشن کی جانب سے انتخابات کی تاریخ نہ ملنے پر حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ مرکزی لیڈر شپ کی جانب سے فواد چودھری اور دیگر پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی گرفتاری اور نگران وزیراعلیٰ کے رویے کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی ممکنہ گرفتاریوں کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی غور ہوا۔دریں اثناء تحریک انصاف نے الیکشن کمشن سے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ 24 مئی واقعہ میں ملوث افسران کو نگران سیٹ اپ میں تعنیاتی سے روکا جائے۔
فواد کا ریمانڈ غلط فاشٹ طاقتوں کیخلاف لڑیں گے عمران
Jan 27, 2023