روس کے ساتھ معاہدے ہو گئے‘ اگلے سرما سے پہلے سستا تیل‘ گیس فراہم ہو گی: مصدق ملک 

Jan 27, 2023


اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ تیل کی خریداری کیلئے معاہدے طے پا گئے ہیں۔ روسی وفد سے45 دن قبل بات چیت شروع کی گئی تھی۔ انہوں نے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ا گلے موسم سرما سے قبل تیل اور گیس سستی قیمت پر فراہم ہو سکے گی۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان نے اپوزیشن قیادت کو جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں ڈالا، بہت سے سینئر پارلیمنٹیرین کو جھوٹے الزامات پر سالوں جیل میں رکھا۔ ہمیں آگے بڑھنے کے لئے ملک میں غدار اور باغی کی باتیں چھوڑ دینی چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈالر اور روپے کی قدر میں فرق کو ختم کرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں ایل پی جی کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال کے آخر تک انرجی سکیورٹی پلان مرتب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ روس سے معاہدے کی صورت جو وعدہ ہم نے قو م سے کیا تھا وہ پورا ہو گیا۔ ہر ماہ 20 ہزار ٹن ایل پی جی منگوائی گئی اور اوگرا کے ریٹس کے مطابق بیچی گئی۔ اس سے پہلے مرضی کے ریٹ عوام پر مسلط کئے جاتے تھے۔
مصدق ملک

مزیدخبریں