کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات جھرلو تھے سرکاری مشینری کی مدد سے تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی ، الیکشن کمیشن سندھ میں پیپلز پارٹی کی بی ٹیم بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات میں گفتگو اور بعد ازاں جے یوآئی کی صوبائی مجلس عاملہ اراکین اور کراچی سٹی کونسل کے نومنتخب ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جے یوآئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد اسلم غوری ،صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد ، قاری محمد عثمان ، مولانا محمد غیاث ، مولانا سمیع الحق سواتی ، مولانا امین اللہ ، مولانا سید حماداللہ شاہ ، مفتی محمد خالد ، قاضی امین الحق آزاد ، مصطفی بدر برکی ودیگر بھی موجود تھے۔علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے 16 اضلاع میں پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے سنگین بے قاعدگیاں دہرائی ہیں ، پورے سندھ کو سرکاری مشینری کی مدد سے فتح کرنے کا راگ الاپنا جمہوریت کی دعویدار پیپلز پارٹی کو زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی خبردار کرچکے تھے کہ پیپلز پارٹی کے تیور عوامی مینڈیٹ کو چرانے کے ہیں اور بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی وہی ہوا جو پہلے مرحلے میں لاڑکانہ سکھر نوابشاہ اور میرپور خاص ڈویژن میں کیا گیا۔علامہ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ جعلی مینڈیٹ حاصل کرکے عوام کے دل نہیں جیتے جاسکتے۔
قوم کا پیسہ ضائع‘ بلدیاتی الیکشن سیاہ تاریخ رقم کرچکے ، راشد سومرو
Jan 27, 2023