لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندگان+ ایجنسیاں) پنجاب میں 24گھنٹے کے دوران نمونیا سے مزید 13بچے انتقال کر گئے۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں 1122نئے کیس بھی سامنے آگئے۔ فیصل آباد اور شیخوپورہ،4، گوجرانوالہ سے3، بہاولپور میں 2اموات رپورٹ ہوئیں۔ رواں ماہ نمونیہ سے جاں بحق بچوں کی تعداد233ہوگئی۔ مجموعی کیسز کی تعداد 12,719ہوگئی۔ 24گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی کا کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا۔ سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق نئے سال کے دوران پنجاب میں ابھی تک ڈینگی کے کل 22نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 8مریض زیر علاج ہیں۔ دریں اثنا این این آئی کے مطابق ملک بھر میں کڑاکے کی سردی کے ساتھ پنجاب، خیبر پی کے اور سندھ میں دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث 24پروازیں منسوخ اور 4متبادل ایئر پورٹس پر منتقل کر دی گئیں جبکہ موٹر وے بھی مختلف مقامات سے بند رہی۔ علاوہ ازیں دمام سے اسلام آباد اور سیالکوٹ کی پروازیں پی کے 246، 244لاہور منتقل کر دی گئیں۔ پی آئی اے کی کویت سٹی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 240 لاہور اتار لی گئی ۔دمام سے لاہور کی پرواز پی کے 248 کو اسلام آباد موڑا گیا۔ اسلام آباد سے جدہ کی سعودی ایئر لائن کی 2پروازیں، اسلام آباد سے دبئی کی پرواز ای آر 702 اور پی کے 233 منسوخ کر دی گئیں۔ اسلام آباد سے کراچی کی 2پروازیں ای آر 503اور 505، اسلام آباد سے گلگت کی 4پروازیں پی کے 601، 602، 605، 606منسوخ ہو گئیں۔کراچی اورسکھر کے درمیان پی آئی اے کی 2پروازیں پی کے 536، 537، پشاور سے ابوظبی کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 118منسوخ ہو گئی۔ملتان سے دبئی کی پی آئی اے کی 2پروازیں پی کے 221اور 222، لاہور سے کراچی کی 4پروازیں ای آر 522، 523، 524اور 526 منسوخ کر دی گئی۔ لاہور سے ابو ظبی کی پی آئی اے کی پرواز 236 بھی منسوخ کر دی گئی۔ دوسری جانب رات گئے اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ کھاریاں اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش نے سردی کی شدت بڑھا دی جبکہ بالائی خیبر پی کے، کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کشمیر اور گلگلت بلتستان میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی ہے۔ وادی نیلم میں برفباری سے ہر منظر حسین ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خشک سردی کا طویل دورانیہ ختم ہونے کا امکان ہے۔