فیروزوالہ (نامہ نگار) حکومت پنجاب نے سرکاری گندم کی فروخت کے لیے انتہائی نرم پالیسی جاری کر دی ہے اور اس بارے میں محکمہ خوراک پنجاب کی طرف سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ خوراک پنجاب کے پاس اس وقت 31 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے۔ حالیہ سردی کی شدید لہر کی وجہ سے کئی گوداموں میں گندم کو کیڑا لگنے کے خدشات کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔ اب حکومت پنجاب کوشش کررہی ہے کہ اگلے تین ماہ کے بعد گندم کی نئی فصل آنے سے قبل موجودہ ذخائر کو کم سے کم کیا جا سکے جس کی خاطر حکومت نے محکمہ خوراک پنجاب کو اجازت دے دی ہے کہ وہ خیبر پی کے سمیت تمام صوبوں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے فلور ملوں کے مالکان کو گندم فروخت کر سکتا ہے اور انہیں پنجاب سے باہر گندم لے جانے پر بھی کسی قسم کی پابندی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ حکومت پنجاب نے سرکاری گوداموں سے محکمہ خوراک کے لائسنس یافتہ تاجروں کو بھی گندم کی خریداری کرنے کی اجازت دے دی ہے اور گندم کی قیمت فروخت4786 روپے فی 40 کلو مقرر کر دی ہے۔