اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ این این آئی ) سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کردی ہیں۔ سپریم کورٹ کے سینیئر جج جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بنچ پیر 29جنوری کو سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عرفان سعادت شامل ہوں گے۔ مستعفی یا ریٹائرڈ ججز کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی جاری رکھنے کیلئے وفاقی حکومت کی اپیل بھی سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آئندہ ہفتے حکومتی اپیل پر سماعت کرے گا۔ اسی طرح سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی رولنگ غیر آئینی قرار دینے کے خلاف نظرثانی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
سپریم کورٹ: فوجی عدالتوں میں ٹرائلز، مستعفی ججوں کیخلاف کاررورائی جاری رکھنے کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر
Jan 27, 2024