گوجرانوالہ (فرحان میر سے) گوجرانوالہ شہر کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی، پی ٹی آئی کی جانب سے ایک بار پھر پی پی 61 میں ردوبدل، طاہر مجید خان آئوٹ، رضوان اسلم بٹ ایک بار پھر ٹکٹ لینے میں کامیاب ہو گئے۔ روایتی حریف سابق وزیر و رہنما مسلم لیگ (ن) عمران خالد بٹ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ تحریک انصاف کی اعلی قیادت نے پارٹی پالیسی کے مطابق سانحہ نو مئی کے بعد پریس کانفرنس کر کے پارٹی کو خیرباد کہنے والے امیدواروں کو ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ مگر بعد ازاں پی ٹی آئی گوجرانوالہ کے امیدواروں کی جانب سے پیسے دیکر ٹکٹیں لینے کی خبریں بھی اخبارات اور سوشل میڈیا کی زینت بنتی رہی ہیں۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کو خیر باد کہنے والے آزاد امیدوار رضوان اسلم بٹ الیکشن سے بارہ روز قبل ٹکٹ لینے میں کامیاب ہو گئے۔ اس حلقے میں مسلم لیگ (ن) کے مضبوط امیدوار و سابق وزیر عمران خالد بٹ کا مقابلہ تحریک انصاف کے امیدوار رضوان اسلم بٹ کے ساتھ ہو گا۔ عمران خالد بٹ گزشتہ دو الیکشن میں رضوان اسلم بٹ کو شکست دے چکے ہیں۔
گوجرانوالہ: پی ٹی آئی نے امیدوار بدل دیا، طاہر مجید کی جگہ رضوان اسلم بٹ نامزد
Jan 27, 2024