تل ابیب (آئی این پی)اسرائیلی فوج ہلاک اہلکاروں کی تدفین کے موقع پر بھائی کی موت کے غم سے نڈھال ایک اسرائیلی فوجی کا بھائی اسرائیلی وزیر بینی گینٹز پر پھٹ پڑا،اسرائیلی فوجی کے بھائی نے تدفین کے موقع پر قبرستان میں ہی گینٹز پر حملہ آور ہونے کی کوشش بھی کی جس کی ویڈیو عرب میڈیاپر شیئر کی گئی ہے، ویڈیو کارئی شمرون بستی کے ایک قبرستان کی ہے جہاں جنگی کونسل کے رکن بینی گینٹز ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تدفین میں شریک تھے،تدفین کے موقع پر ہلاک ہونے والے 35سالہ میجر ایڈم باسموت کا بھائی جنگی کونسل کے وزیر بینی گینٹز پر چڑھ دوڑا اور چلا چلا کر کہنے لگا تمہیں جنگ ختم کرنا ہوگی، میرا بھائی کسی وجہ سے نہیں مرا، یہ تمہاری چھیڑی گئی جنگ کا ایندھن بنا ہے ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کا بھائی میجر ایڈم حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز کی طرف سے المغازی کے مقام پر کیے گئے ایک حملے میں ہلاک ہوگیا تھا،اسرائیلی فوجی کے بھائی کے بھڑکنے کے باوجوداسرائیلی وزیر گینٹز خاموش دکھائی دیے تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے مشتعل اسرائیلی نوجوان کو قابو کرنے اور بینی گینٹز سے دور رکھنے کی کی کوشش کی۔