شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) ن لیگ کے حلقہ این اے 115 کے نامزد امیدوار میاں محمد جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عوام قومی انتخابات میں قومی سوچ اور قومی وحدت کیلئے قومی قیادت نواز شریف کی کامیابی کیلئے اپنا کردارادا کرے تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک خوشحال، روشن، مضبوط، خوددار پاکستان میسر آسکے۔ نواز شریف اسٹیبلشمنٹ کے نہیں بلکہ عوام کے لاڈلے ہیں۔ اب آئندہ عام انتخابات میں عوام ان کو چوتھی بار وزیراعظم نامزد کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری پنجاب کی بجائے سندھ پر توجہ دیں جو ان کے ہاتھ سے نکلتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں بلکہ سیاسی دہشت گردوں کا ٹولہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگی رہنما میاں وسیم رضا کے ہمراہ محلہ دوسہرہ گرائونڈ میں ڈور ٹو ڈور کمپین کے دوران معززین سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر حاجی میاں عبدالرشید، شاہد بٹ، عمران خان سمیت دیگر بھی ہمراہ تھے۔ میاں جاوید لطیف نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی پاکستانی سیاست میںخوفناک باب کی حیثیت رکھتا ہے جو اب بند ہوچکا ہے۔ شیخوپورہ شہر کی تعمیر وترقی کیلئے نیا روڈ میپ تیار کرلیا گیا ہے جس میں کیڈٹ اور میڈیکل کالجز، وارث شاہ یونیورسٹی کے منصوبے قابل ذکر ہیں۔ اس موقع پر انہیں چودھری حفیظ الرحمن ورک اور ان کی برادری کی طرف سے بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
تحریک انصاف سیاسی دہشتگردوں کا ٹولہ، بلاول سندھ پر توجہ دیں: جاوید لطیف
Jan 27, 2024