اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے غزہ کی پٹی میں نسل کشی کے جرم کی روک تھام اور سزا سے متعلق عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک بہترین فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو فوری طور پر غزہ میں معصوم شہریوں کی نسل کشی اور خونریزی کو روکنا ہوگا۔ علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کے خلاف ساؤتھ افریقہ کی درخواست پر عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی ذمہ دار ٹھہرانے کا فیصلہ لائق تحسین ہے، اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا مرتکب پایا گیا ہے۔