حیدر آباد (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آستین کے سانپوں کی موجودگی میں ملک کو کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں۔ قوم پر دہائیوں سے مسلط حکمران بحرانوں کے ذمہ دار ہیں۔ سالہاسال اقتدار میں رہنے والی خاندانوں پر مشتمل سیاسی پارٹیاں مزید باریوں کی طلبگار ہیں، یہ جان لیں اب کوئی ان کا غلام بننے کو تیار نہیں، پاکستانی آزاد ابن آزاد قوم بنیں گے، جماعت اسلامی اسلام کی حکمرانی لائے گی، جس میں بندوں کی نہیں اللہ کی حکمرانی قائم کی جائے گی۔ حیدرآباد میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام پرمسلسل پندرہ برس حکمرانی کی، یہ انتخابی جلسوں میں لوگوں کو بتائیں کہ انہوں نے اقتدار میں رہ کر کون سے تیر چلائے، صوبہ پر ڈاکو راج قائم، ظالم جاگیردار اور وڈیرے انسانوں کو انسان نہیں سمجھتے، سیلاب میں عوام کو بے یارومددگار چھوڑا گیا، صرف جماعت اسلامی ان کی خدمت کے لیے موجودتھی، صوبہ کا کسان رو رہا ہے۔ سندھ اور حیدرآباد کے عوام ترازو پر مہر لگائیں، ہم ان کے روشن مستقبل کی ضمانت دیتے ہیں۔ بعدازاں سراج الحق نے ٹنڈوآدم ضلع سانگھڑ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ امیر ضلع عبدالغفور انصاری، امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی کامران عزیز غوری، ظہیر الدین جتوئی، ارشاد بخاری، مشتاق عادل،جان محمد اور فرحت یاسمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سانگھڑ اور حیدرآباد میں جلسوں کے علاوہ انھوں نے الرحیم مسجد نوری آباد میں جمعہ کے اجتماع سے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے سندھ پر پچاس سالہ اقتدار میں عوام کو کچھ بھی نہیں دیا ہے۔ محمد حسین محنتی نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے لوٹ مارکرکے پاکستان کو دیوالیہ بنا دیا ہے ملک کو قرضوں میں جکڑدیا ہے۔