لاہور(نیوز رپورٹر ) ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن نے2024 کو روایتی اور نئے شراکت داروں کو مقصد کے ساتھ شامل کرنے کیلئے وقف سال قرار دیا ہے۔ اس عالمی کوشش کا مقصد اس ڈومین میں ڈبلیو سی او کے ممبران کی باہمی تعاون پر روشنی ڈالنا ہے۔ واہگہ بارڈر پر بین الاقوامی کسٹم ڈے کی تقریب میں اخوت کے سی ای او امجد ثاقب مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں کروڑوں روپے کے ضبط شدہ سامان کو جلا دیا گیا جس میں شراب کی بوتلیں، سگریٹ، چھالے والی ادویات اور دیگر مصنوعات شامل ہیں۔ چیف کلکٹر مبشر بیگ نے سمگلنگ کی سرگرمیوں کو ناکام بنانے کے لیے مختلف ایجنسیوں کے اجتماعی عزم پر زور دیا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ بہت تھوڑا غیر قانونی سامان جلایا گیا تاکہ ہوا آلودہ نہ ہو۔چیف کلکٹر نے محکمہ کسٹمز کے اندر چوری میں ملوث ملازمین کیلئے سزاؤں کا اعلان کیا، بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر زور دیا۔ تقریب میں کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ لاہور متین عالم، کلکٹر فیصل آباد سعید وٹو اور کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ منیب سرور سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔