سابق لیگی رہنما دانیال عزیز نے عام انتخابات میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے دھاندلی کا الزام لگا دیا۔دانیال عزیز نے کہا ہے کہ میرے حلقہ این اے 75 میں سرکاری ملازمین سے زبردستی شناختی کارڈ لیے گئے ہیں، قانوناً صرف الیکشن ڈے پر ڈیوٹی کرنے والوں سے شناختی کارڈ مانگا جا سکتا ہے، دیگرسرکاری ملازمین کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا حکم نہیں دیا جا سکتا۔انہوں نے کہا ہے کہ ناجائز اختیار استعمال کر کے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے دھاندلی کی تیاری کی جا رہی ہے، ضلع نارووال میں محکمہ تعلیم کے اساتذہ اور ملازمین کی تعداد 20 ہزار ہے، 20 ہزار ملازمین کے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے بڑے پیمانے پر دھاندلی کی جا رہی ہے۔سابق لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اس دھاندلی کو روکنے کے لئے الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کو درخواست دے رہے ہیں، ہم نے ٹیچرز ایسوسی ایشنز سے رابطہ کیا ہے میڈیا کو آگاہ کر رہے ہیں۔