اسلام آباد.(وقائع نگار)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان نے جموں وکشمیر لبریشن سیل کے اشتراک سے آج بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزا د جموں کشمیر و پاکستان کے رہنماوں کے علاوہ آزاد کشمیر کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے سیاہ جھنڈے اور بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے خلاف اور بھارتی قبضے سے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔مظاہرے کی قیادت کنوینر حریت کانفرنس محمود احمد ساغر نے کی۔ سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان خصوصی طور پر مظاہرے میں شریک ہوئے۔مظاہرے سے سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی ،سینئر حریت رہنمائوں سید یوسف نسیم، فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، الطاف حسین وانی، غلام نبی بٹ ، سیکرٹری جنرل اے پی ایچ سی شیخ عبدالمتین، زاہد صفی، سیکرٹری جنرل مسلم کانفرنس مہرالنساء ، سمیعہ ساجد،سینئر صحافی بشیر عثمانی، ماہتاب اشرف، رشید کاظمی، ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ خان افسر خان، سردار ساجد محمود، سردار نجیب الغفور خان، چوہدری شاہین، سید فیض نقشبندی ،رفیق ڈار ودیگر نے مظاہرے سے خطاب کیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ جمہوریت عوامی رائے کے احترام کا نام ہے لیکن بھارت نے کبھی بھی رائے عامہ کا احترام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ اس نے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف مقبوضہ جموں وکشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے مقبوضہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے وحشیانہ حربے استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔