گورنرہاؤس کراچی میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینیجمنٹ کوئٹہ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ شہرمیں اسلحے کی آمد روکنے کے لئے مرحلہ واراقدام کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں لینڈ مافیا بیشتر جرائم کا سبب بن رہی ہے۔ صوبے میں ناجائزقبضہ کی گئی زمینوں کو واہگزار کروانے اورلینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لئےاقدامات کئے جائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم سے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا تصور زیادہ مضبوط ہوا ہے تاہم مقامی حکومتوں کے نظام اورکمشنریٹ سسٹم کی خوبیوں کا امتزاج ہونا چاہئیے۔ گورنرسندھ نے وفد کو بتایا کہ مقامی حکومتوں کے دورمیں شروع کئے گئے پروگراموں کومکمل کرنے پربھرپور توجہ دی جا رہی ہے،موجودہ اقتصادی صورتحال کی وجہ سے بعض رکاوٹیں ہیں۔انہوں نےکہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ نظام کوبہتر بنانے کے لئے ماسٹر پلان کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔