ملک بھرمیں مون سون کا نیا سلسلہ شروع ہوچکاہے جس کے باعث  اندرون سندھ ، وسطی پنجاب ، بلوچستان اورخیبرپختونخوا کے بیشترعلاقوں میں موسلادھاربارشیں جاری ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں بالا کوٹ میں اکہتر، سیالکوٹ میں چونسٹھ، گوجرانوالہ سینتالیس ، مظفرآباد پینتیس ، تربیلا میں انیس، اسلام آباد میں سات اورٹھٹہ میں تیرہ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کراچی میں سب سے زیادہ بارش لانڈھی اورائیرپورٹ کے علاقے میں انتالیس ملی میٹر، گلشن حدید میں انیس اوریونیورسٹی روڈ پر اڑتیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بارش سے کے ای ایس سی کے سو سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ ادھرپشاور اور نوشہرہ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اورانتظامیہ نے  قریبی علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت  کردی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز میں ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزیدبارش کی پیش گوئی کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن